میزان بینک اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدہ

پیر 9 اپریل 2018 20:01

میزان بینک اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے درمیان معاہدہ
کراچی ۔ 9 اپریل (اے پی پی( میزان بینک نے پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ساتھ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔ معاہدے کے تحت میزان بینک صارفین کو پیرانی گروپ کی پاور اور سپر پاور بائیکس کیلئے میزان بائیک اجارہ کی سہولت فراہم کرے گا۔ یاد رہے کہ میزان بائیک اجارہ پاکستان کا پہلا شریعہ کمپلائنٹ بائیک اجارہ ہے جو صارفین کو سستی اور آسان ماہانہ اقساط کی ادائیگی کی سہولت فراہم کررہا ہے۔

معاہدے پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید اور پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر نوید عثمان پیرانی نے دستخط کئے۔ اس معاہدے کے تحت میزان بینک ملک بھر میں اپنی 600 سے زائد برانچز پر صارفین کو پیرانی گروپ کی پاور اور سپر پاور بائیکس کیلئے ترجیحی بنیادوں پر فنانسنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمیزان بینک کے گروپ ہیڈ کنزیومر فنانس ارشد مجید نے کہاکہ پاکستان میں موٹر سائیکلوں کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہورہا ہے، میزان بینک اور پیرانی گروپ کا اشتراک دونوں کمپنیوں کیلئے سود مند ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ اس معاہدے سے مارکیٹ کی ضرورت پوراہونے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کو بھی فائدہ ہوگا۔ پیرانی گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹر نوید عثمان پیرانی نے کہاکہ مارکیٹ میں پاکستانی برانڈ بائیکس کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے، میزان بینک کے ساتھ معاہدے سے ان صارفین کو فائدہ ہوگا جن کیلئے یکمشت ادائیگی مشکل تھی، میزان بینک کے ساتھ معاہدے کے بعد اب صارفین آسان قسطوں میں نئی بائیک خرید سکیں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں