بجلی کی بد ترین وغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ حکومتی دعووں کی نفی ہے،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

توانائی بحران سے خاتمے کے لیے کرپشن فری اقدامات کرے تاکہ عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں،امیر جماعت اسلامی سندھ

پیر 9 اپریل 2018 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے بجلی کی بد ترین لوڈ شیڈنگ کی سخت مذمت اور حکومتی دعووں کی سراسر نفی قرار دیا ہے ۔ انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ شدید گرمی ، بچوں کے میٹرک کے امتحانات کے باوجود کے الیکٹرک سمیت سندھ بھر میں واپڈا کی جانب سے 12 سے 18 گھنٹے لوڈ شیڈنگ عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔

چھٹی کی کے دن بھی بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اداروں کی ہٹ دھرمی، نا اہلی اور کرپشن کا نتیجہ ہے۔ حکومت سندھ کے الیکٹرک سمیت واپڈا کا سندھ کے ساتھ ناروا سلوک اور عوام دشمن اقدامات کا نوٹس لیکر عوام کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی طویل بندش نے شدید گرمی میں شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے معیشت تباہ، کاروبار متاثر جبکہ زندگی درہم برہم ہو جاتی ہے، کے الیکٹرک و ایس ایس جی سی اور وفاق و سندھ کی رسہ کشی میں بجلی بحران نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا ہے ۔

مسلم لیگ کی قیادت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران قوم سے بجلی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ کیا تھا مگر پانچ سال گذرنے کو ہیں حکومت مہنگائی، بیروزگاری کی طرح بجلی بحران سے نجات دلانے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی حالت زارپررحم اور معیشت کی بحالی کے لیئے ملک میں توانائی بحران سے خاتمے کے لیے کرپشن فری اقدامات کرے تاکہ عوام کوئی سکھ کا سانس لے سکیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں