چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے یوسی 29 میں اے ون ولاز پارک کا افتتاح کر دیا

پیر 9 اپریل 2018 17:40

کراچی ۔ 9 اپریل (اے پی پی(چئیرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا ہے کہ ہرا بھرا ماحول انسانی فطرت کا تقاضہ ہے، ہریالی میں موجود طمانیت اور سکون کا دوسرا کوئی نعم البدل نہیں ہے، پارک جتنے آباد اور ہرے بھرے ہونگے ماحول میں بہتری کے تقاضوں کو پورا کیا جا سکتا ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 29 اسکیم 33 میں اے ون ولاز کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ضلعے میں پارکوں کی بہتری کیلئے اقدامات کر رہے ہیں اور کوشاں ہیں کہ ضلعے کے مکینوں کو ان کے گھر کے نزدیک پارکوں کی صورت میں موجود تفریحی سہولیات میسر ہوں، پارکوں میں ہریالی کے ساتھ جاگنگ ٹریکس و دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں جو پارک وسیع وعریض ہیں وہاں بچوں کیلئے پلے لینڈ ودیگر سہولیات بھی دی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے یوسی 29 کے مکینوں سے گزارش کی کہ وہ پارک کے افتتاح کے بعد اس کی دیکھ بھال کیلئے ازخود بھی کردار ادا کریں جبکہ کراچی کی ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے کیلئے دستیاب جگہوں سمیت اپنے گھروں میں بھی ایک پودا لگانے کیلئے جگہ رکھیں، جہاں بھی پودا لگائیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیہ شرقی شجرکاری مہم میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ بلدیہ شرقی کے افسران سمیت یوسی چئیرمین و دیگر بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں