فلم انڈسٹری کو لازوال گیت دینے والے پلے بیک سنگر احمد رشدی کی35ویں برسی پرسوں منائی جائے گی

پیر 9 اپریل 2018 17:07

فلم انڈسٹری کو لازوال گیت دینے والے پلے بیک سنگر احمد رشدی کی35ویں برسی پرسوں منائی جائے گی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 اپریل2018ء) پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف سنگر احمد رشدی کی35ویں برسی پرسوں بدھ کو منائی جائے گی اس سلسلے میں ملک بھر کے فلمی حلقوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے۔ احمد رشدی1938 کو حیدر آباد دکن میں پیدا ہو ئے تقسیم ہند کے بعد احمد رشدی کراچی منتقل ہو گئے۔ انہوں نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز ریڈیو پاکستان کراچی سے کیا معروف گانے '' بند روڈ سے کیماڑی ،چلی میری گھوڑا گاڑی '' نے انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا ۔

ان کی بطور گلوکار پہلی فلم کارنامہ تھی جو کہ ریلیز نہ ہو سکی جبکہ اس کے بعد آنے والی فلم '' انوکھی '' تھی جس میں احمد رشدی پلے بیک سنگر تھے ان کی بطور فلمی گلوکار آخری فلم '' مشرق و مغرب '' تھی۔ احمد رشدی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے دیگر گلوکاروں کے ہمراہ مل کر 1955 میںپہلی مرتبہ پاکستان کا قومی ترانہ گایا انہیں یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کے پہلے گلوکار تھے جنہوں نے موسیقی میں پاپ سنگنگ کو متعارف کروایا انہوں نے پاکستانی فلموں میں پانچ ہزار سے زائد گانے ریکارڈ کروائے۔

(جاری ہے)

پاکستانی فلمی موسیقی کیلئے انتھک کام کرنے پر ان کی صحت گرنا شروع ہو گئی اور وہ 11اپریل1983 کو دل کے دورے کے باعث 44برس کی عمر میں انتقال کر گئے انہیں سخی حسن قبرستان کراچی میں سپردخاک کیا گیاان کی وفات کے بیس برس بعد ان کی خدمات کے عوض سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں