کراچی،شاندار فائنل میچ، شہدائے حق فٹبال ٹورنامنٹ ینگ آزاد نے جیت لیا

پیر 9 اپریل 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) ینگ آزاد فٹبال کلب کورنگی کے زیر اہتمام جاری آل سندھ شہدائے حق پرست قومی یکجہتی فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار فائنل میچ ابراہیم پلے اسٹیڈیم کورنگی میں کھیلا گیا جس میں میزبان کلب ینگ آزاد نے مدمقابل مضبوط حریف گلشن سوکر کوصفر کے مقابلے میں ایک گول سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

کھیل کے پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف کے اختتامی لمحات میں میزبان کلب کی جانب سے خالد نے نہایت خوبصورت اور فیصلہ کن گول کرکے اپنی ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا اور شائقین سے بھرپور داد وصول کی۔ اس شاندار فائنل میچ کے مہمان خصوصی ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر خواجہ اظہار الحسن تھے جن کے ہمراہ ڈی ایم سی کورنگی کے وائس چیئرمین احمر علی نے بطور مہمان خاص اس فائنل میچ میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی خواجہ اظہار الحسن نے ونر اور رنر ٹیموں کے کپتانوں کو ٹرافیاں پیش کیں جبکہ ونر ٹیم کو 20ہزار اور رنر ٹیم کو15ہزار کیش پرائز بھی دیئے۔ اس موقع پر سیکریٹری ایسٹ عبید اللہ خان، سید عثمان شاہ، سلیم پٹنی، اجمل خٹک، عبدالعزیز خان، ینگ آزاد کے صدر حاجی لیاقت علی ، سیکریٹری محمد رمضان پیر جی، ہیڈ کوچ ناصر علی، کوچ فہد خان، جوائنٹ سیکریٹری سہیل خان، چیئرمین شمیم بابو، وائس چیئرمین طارق شاہ کے علاوہ ایم کیو ایم سے وابستگی رکھنے والی اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ بہت جلد ابراہیم پلے اسٹیڈیم میں ترقیاتی کاموں کا آغا ز کیا جائے گا جس میں گرائونڈ میں درپیش مسائل پانی، کھاد، مٹی، گھاس کے علاوہ فلڈ لائٹس کا کام بھی جلد کرایا جائے گا۔ ینگ آزاد کے صدر حاجی لیاقت علی اور سیکریٹری رمضان پیر جی نے آئے ہوئے تمام مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور انہیں سندھ کی ثقافت اجرک کے تحائف پیش کیئے۔ ینگ آزاد کے خالد کو مین آف دی میچ اور گول کیپر کو بھی پرائز دیئے گئے۔ میچ میں ریفری کے فرائض شوکت حسین، عبدالباقی اور جمیل ناز نے انجام دیئے جبکہ میڈیا کو آرڈینیٹر شیر افضل تھے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں