ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

پاک سر زمین پارٹی کراچی سمیت پاکستان کے لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے ، مصطفی کمال کی پریس کانفرنس

پیر 9 اپریل 2018 15:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2018ء) متحدہ قومی موومنٹ سکھر سے تعلق رکھنے والے رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی نے پاک سر زمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی، یہ اعلان انہوںنے پی ایس پی چیئر مین سید مصطفی کمال اور صدر انیس قائم خانی کے ہمراہ پاکستان ہائوس میں پرہجوم پریس کانفرنس کر تے ہوئے کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کر تے ہوئے پی ایس پی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاکہ پاک سر زمین پارٹی کراچی سمیت پاکستان کے لوگوں کی خدمت کرنے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے ،ایم کیو ایم بہادرآباد اور پی آئی بی اور تمام گروپس کو دعوت دیتا ہوں کہ مہاجروں سمیت دوسری قومیتوں کی بھلائی اور ان کی خدمت کیلئے پی ایس پی میںشامل ہو جائے کیونکہ پاکستان کی ترقی کی ضمانت پی ایس پی ہے ،مسلسل پی ایس پی کا قافلہ بڑھتاجارہاہے اور لوگ جو ق در جو ق ہمارے قافلے میں شامل ہورہے ہیں جوکہ پاک سر زمین پارٹی پراعتماد کی مہر ہے ہم نے یہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے قربانیاں دی ہمارے چار ساتھی شہید ہوئے ،ہم کہیں جاتے تھے تولوگ پتھر مارتے تھے لیکن ہم نے پلٹ کر کسی کو جواب نہیں دیا آج اس ہی وجہ سے پچھلے گیارہ دنوں میں 5 ایم پی اے اور 4 ایم این اے ہمارے قافلے میں شامل ہوئے ہیں یہ صرف 9 افراد نہیں ہیں ان کے حلقے کے لوگوں نے بھی ان کے فیصلے کی تائید کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آج جو لوگ کنفیوز ہیں میں ان سے کہونگا زیادہ دن کنفیوژن میں نہ گزارے اور اب کنورٹ ہونے کا وقت آگیا ہے کیونکہ جو ہمارا سفر ہے وہی پاکستان کی ترقی کا سفر ہے انہوںنے کہاکہ نواز شریف صاحب کی حکومت اپنے پانچ سالوں کے آخری مہینوں میں ہے اور ابھی گرمی شروع نہیں ہوئی ہے اور 15، 15 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے اور آپ کے طرح طرح کے دعوے ایک طرف نواز شریف صاحب جو چند ماہ پہلے تک وزیرا عظم تھے وہ کہہ رہے ہیں کہ اگر مجھ کو نکالانہ گیا ہو تا تو آج ملک میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو چکی ہو تی جبکہ کتنے افسوس کی بات ہے آج بھی آپ ہی کا وزیر اعظم ہے میں تو یہ ہی کہونگا کہ کتنی بغیرتی چاہئے اس طرح کی بات کرنے کے لئے ان کو شرم نہیں آتی۔

لوگوں سنو آسمان سے فرشتے نہیں آئینگے کب تک ان ظالموں کے ظلم پر خاموش رہوگے ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کئے جا رہا ہے ظالم وہ بھی ہے جو خاموشی سے ظلم سہے جارہا ہے انہوںنے کہاکہ کہتے ہیں کہ پاکستان میںجس کو چوری کا موقع نہیں ملاوہ چوری نہیں کرتا ہے،ہمیںپوری ڈکیتی کا موقع ملا لیکن ہم نے اربوں روپے خرچ کرکے تین روپے کی چوری نہیں کی، لوگوں تم کو اب صحیح اور غلط میں فرق کرنا پڑے گااور تم کو اب اچھے لوگوں کو چننا پڑے گا تمہارے پاس پی ایس پی کی شکل میں آپشن موجود ہے۔

رکن سندھ اسمبلی سلیم بندھانی نے کہاکہ کہا جاتا ہے کہ جو لوگ آرہے ہیں ڈرائی کلین ہو کر آرہے ہیں لیکن مجھ پرنہ کوئی پریشر تھا نہ میں کسی کے کہنے پر آیا ہوں میں اپنی خوشی سے آیا ہوںمیں دو بار ایم پی اے رہا اور تنظیم میں کئی زمہ داریوں پر بھی رہا میں نے جو کچھ سیکھا انیس قائم خانی سے سیکھا آج ہم 30 سالوں میں لوگوں کو ڈیلیور نہ کر پائے سوائے اس وقت کہ جب مصطفی کمال ناظم تھے،پی ایس پی میں شامل ہو کرصرف سکھر نہیں پورے سندھ کی مظلوم عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کریں گے ۔

انہوںنے کہاکہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پی ایس پی میرے لیے کوئی نئی جماعت نہیں، سلیم بندھانی نے کلمہ پڑھ کر کہا کہ پی ایس پی میں شمولیت کے لیے مجھ پر کوئی پریشر نہیں ہے اس مو قع پرسابق سیکٹر رکن نارتھ ناظم آباد ٹاون کامران حفیظ نے بھی پی ایس پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں