حافظ نعیم الرحمن نے بفر زون نارتھ ناظم آباد میں اڑتیسویں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا

جماعت اسلامی الخدمت کا امسال 50فلٹریشن پلانٹس لگانے کا ہدف ہے جس میں سے شہر کراچی میں اس وقت 38پلانٹس لگائے جاچکے ہیں

اتوار 18 مارچ 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2018ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بفر زو ن نارتھ ناظم آباد میں جماعت اسلامی الخدمت کے تحت ترکی کی سماجی تنظیم کے تعاون سے اڑتیسویں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔شہر کراچی میں جماعت اسلامی الخدمت کے تعاون سے آر اوپلانٹ سے آغاز کیا گیا ۔38پلانٹس کراچی میں لگائے جاچکے ہیں جس میں سے 14ضلع وسطی میں پلانٹس لگائے گئے ہیں اور اس سال 50فلٹر پلانٹس لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع وسطی کے امیر منعم ظفر خان ، قائم مقام چیف ایگزیٹو الخدمت راشد قریشی ، الخدمت کے کنٹرولر شعبہ صاف پانی قاضی صدر الدین ، امیر زون نارتھ ناظم آباد اویس یاسین ،طحہٰ مسجد کے امام مولانا غلام فرید، علاقے کے مشہور سماجی شخصیت ڈاکٹر فیروز اور ناظم حلقہ فاروق فاروقی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ اہلیان علاقہ مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے جماعت اسلامی الخدمت کے ساتھ مل کر واٹر فلٹر پلانٹس لگانے کے لیے تعاون کیا۔

یہ پلانٹس ترکی کی سماجی تنظیم کے تعاون سے لگایا گیا۔ جماعت اسلامی آج خدمت ، امانت اور دیانت کا نشان بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہر کراچی میں بے پناہ مسائل ہیں ، آج جماعت اسلامی الخدمت کے رضاکار بغیر کسی لالچ کے شہریوں کے مسائل حل کرنے میں لگے ہوئے ہیں ، کے الیکٹرک کا مسئلہ ہو یا نادرا کا مسئلہ جماعت اسلامی کے رضاکار ہر ممکن تعاون کررہے ہیں اس سلسلے میں جماعت اسلامی کے مرکزی دفتر ادارہ نور حق میں نادرا اور کے الیکٹرک کے مسائل کے حل کے لیے سیل بھی قائم کیے گئے ہیں ۔

اگر جماعت اسلامی کو اقتدار ملا تو جماعت اسلامی شہر کراچی کی بے مثال خدمت کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے جب بھی جماعت اسلامی پراعتماد کا اظہار کیا خواہ وہ عبد الستار افغانی کا دور ہو یا نعمت اللہ خان کا دور جماعت اسلامی نے شہریوں کو مایوس نہیں کیا بلکہ آج مخالف بھی ان کے کام کی مثالیں دیتے ہیں ۔منعم ظفر نے کہا کہ تم میں سے بہتر وہ ہے جو دوسرے کے لئے نافع ہو ، پاکستان کے قیام کو 70 سال گزر گئے ہیں مگر صاحب اقتدار حکمران بد عنوانی اور بدنیتی کی داستان بنے ہوئے ہیں اور آج لوگوں کے بچے تعلیم کے زیور سے محروم ہیں ، سستے علاج کے لیے عوام بے بس ہیں ، ان حالات میں جماعت اسلامی امید کی کرن ہے ۔

جماعت اسلامی کے جب نعمت اللہ خان سٹی ناظم بنے تو اس وقت شہر میں گٹر ابل رہے تھے ،تعلیم کا نظام صحیح نہیں تھا ، جماعت اسلامی کی بلدیاتی قیادت نے محنت کی ، تعلیمی اداروں کی حالت بہتر کی اور 32 نئے کالجز بنوائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی روشن ہوگا تو پورا ملک روشن ہوگا ۔ ایک سازش کے تحت 30سالوں میں کراچی کو تباہ و برباد کردیا گیا ہے ، یہاں کی سڑکیں ٹھیک نہیں ہیں ، ٹرانسپورٹ کی صورتحال یہ ہے کہ شہری بسوں کی چھت پر سفر کرنے پر مجبور ہیں ، سرکلر ریلوے بند ہوچکی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اقتدار میں نہ ہوتے ہوئے بھی شہریو ں کی خدمت کرنے میں مصروف ہیں ۔راشد قریشی نے کہا کہ الخدمت جس کاقیام جماعت اسلامی عمل میں لائی تھی ، آج یہ ملک کا ایک بڑا سماجی و فلاحی ادا رہ بن چکا ہے ،حال ہی میں جماعت اسلامی کی رکن قومی اسمبلی عائشہ سید نے شام کا دورہ کیا ہے اور جنگ سے تباہ حال عوام کی ترکی کی سماجی تنظیموں کے تعاون سے بھر پور خدمت کی اور ان کی مدد کرنے کی کوشش کی ، الخدمت وسیع تر پیمانے پر صحت ، تعلیم اور صاف پانی کے شعبہ جات پر کام کر رہی ہے ، گلشن معمار میں یتم بچوں کے لئے آغوش سینٹر زیر تعمیر ہے ، جو 200 بچوں کی کفالت کرے گاجس کا افتتاح جلد ہی کیا جائے گا، اس وقت الخدمت تقریباً 1000 یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے ، پورے شہر کراچی میں کئی مقامات پر ہسپتال اور ڈائگنوسٹک سینٹرز قائم ہیں ، جس میں کم قیمت پر لیبارٹری ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں ، الخدمت کے تحت کمیونٹی سروسز کا شعبہ بھی کام کر رہا ہے ، جس میں غرباء میں راشن کی تقسیم ، جیلوں میں قید یوں کی اصلاح و تربیت کا کام بھی کیا جاتا ہے ۔

قاضی صدر الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں RO فلٹر پلانٹس کا آغاز کیا ، جس میں 38 فلٹر فلانٹس کام کر رہے ہیں اور جس میں 14 ضلع وسطیٰ میں قائم ہیں ، ترکی کی سماجی تنظیم کے تعاون سے بھی کراچی میں 3 واٹر فلٹر پلانٹس لگائے ہیں ۔ اویس یاسین نے کہا آج یہ اڑتیسویں واٹر فلٹر یشن پلانٹس بفر زون نارتھ ناظم آباد کا افتتاح کیا گیاہے ، الخدمت خدمت کی تاریخ رکھتی ہے ۔شہر کی خدمت کاجب بھی جماعت اسلامی کو موقع ملا جماعت اسلا می نے بے مثال خدما ت کی ،جماعت اسلامی نے نعمت اللہ خان کے دور میں اوور ہیڈ بریجز ، انڈر بائی پاس اور 32کالجز بنائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں