ْابراہیم حیدری پولیس کی کارروائیاں، قاتل سمیت 27 ملزمان گرفتار، اسلحہ، منشیات، گٹکا برآمد

اتوار 18 مارچ 2018 21:20

ْ کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2018ء) ابراہیم حیدری پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں، قاتل سمیت 27 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، منشیات، مضر صحت گٹکا اور دیگر اشیاء برآمد کی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ضلع ملیر عدیل احمد چانڈیوکے خصوصی ٹاسک پر ڈی ایس پی سکھن عرفان زمان کی نگرانی میں ایس ایچ او ابراہیم حیدری انسپکٹر سہیل اختر نے الیاس گوٹھ میں کامیاب کاروائی کر کے قتل، ڈکیتی اور دیگر وارداتوں میں ملوث ملزم شاداب عرف ببلی اور محمد اقبال کو گرفتار کر کے 2 پستول برآمد کر لئے۔

ملزم شاداب عرف ببلی نے الیاس گوٹھ میں مقتول اختر علی کو قتل کر دیا تھا اور روپوش تھا جبکہ موٹر سائیکل لفٹر ملزم عبد الله بنگالی کو گرفتار کر کے ایک چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

(جاری ہے)

ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم میں ملوث 2ملزمان سہیل اور محمد سلام کو بھٹائی کالونی اور ابراہیم حیدری گوٹھ سے گرفتار کر کے 2 پستول برآمد کر لئے۔ منشیات کے مقدمات میں 7 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں چرس برآمد کی گئی۔

ایک اور کارروائی میں مضر صحت گٹکا سپلائی کرنے میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کر کے بڑی مقدار میں تیار گٹکے کے پیکٹ اور بوریوں میں بھری خراب چھالیہ و دیگر ساز و سامان برآمد کر لیا گیا۔ شارع عام پر جوا سٹہ کھیلنے والے 4 جواری سٹوریوں کو گرفتار کر کے آلات قمار بازی اور داؤ پر لگی رقم بھی برآمد کی گئی جبکہ گھروں میں چوری کر نے والے عادی ملزم جہانگیر کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔ علاوہ ازیں متفرق مقدمات اور پولیس کو مطلوب مفرور و اشتہاری 9 ملزمان بھی گرفتار کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں