کراچی پورا ملک چلاتا ہے لیکن اس کو کچھ نہیں ملتا ، میئرکراچی

حکومت سندھ کو کئی بار بتایا ہے فائر بریگیڈ کا برا حال ہے فائر ٹینڈرز اتنے طاقت ور نہیں ہیں کہ پانی کو بلندی تک پہنچا سکیں ، وسیم اختر

ہفتہ 29 اپریل 2017 21:35

کراچی پورا ملک چلاتا ہے لیکن اس کو کچھ نہیں ملتا ، میئرکراچی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) میئرکراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی پورا ملک چلاتا ہے لیکن اس کو کچھ نہیں ملتا حکومت سندھ کو کئی بار بتایا ہے کہ فائر بریگیڈ کا برا حال ہے فائر ٹینڈرز اتنے طاقت ور نہیں ہیں کہ پانی کو بلندی تک پہنچا سکیں فائر فائٹرز اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر کب تک شہریوں کی جانب بچاتے رہیں گے، یہ بات انہو ںنے آئی آئی چندریگر روڈ پر بلند عمارت پر لگنے والی آگ سے متاثرہ عمارت کا دورہ کرتے ہوئے کہی، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، چیف فائرآفیسرز تحسین احمد اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو میں تین بار پر پوزل بنا کر بھیج چکا ہوں لیکن حکومت سندھ خواب غفلت میں ہے اور کوئی جواب نہیں ملتا انہوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سال میں محکمہ تباہ و برباد کردیا گیا ہے، 45 فائر ٹینڈرز میں سے 30 فائر ٹینڈرز چل رہے ہیں جبکہ فائر بریگیڈ کے پاس موجود 2 اسنارکل کو ابھی بنوایا ہے لیکن بلند و بالا عمارات میں لگنے والی آگ بجھانے کیلئے ہمارے پاس وسائل نہیں ہیں اور نہ ہی فائر ٹینڈر اور دیگر مشینری ہے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی بلند عمارتوں کی اجاز ت پر اجازت دیئے جارہی ہے اور گزشتہ دنوں میں 130 بلند تعمیرکرنے کیلئے اجازت نامے دیئے گئے ہیں اگر یہ عمارتیں تعمیر ہوتی ہیں تو کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی کیا حالت ہوگی، میئر کراچی نے کہا کہ اختیارات اور فنڈز نہ ہونے کے باوجود جو مجھ سے ہورہا ہے وہ کررہا ہوں فائر فائٹرز نے آج بھی اپنی بھر پور صلاحیتوں سے آگ پر قابو پایا اور عمارت میں پھنسے ہوئے 4افراد کو باحفاظت نکالا، اللہ کا شکر ہے کہ اس عمارت میں لگنے والی آگ کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، فائر بریگیڈ کے باہمت فائرفائٹرز کو شاباش دیتا ہوں جنہوں نے شہریوں کی جان بچائی اور اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر عمارت کی 17 ویں منزل پر لگنی والی آگ پر قابو پایا انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ فائر بریگیڈ کے محکمے کو بہتر کرنے کیلئے نہ تو فنڈز فراہم کررہی ہے اگر یہی صورتحال رہی تو کچھ عرصے بعد محکمہ فائربریگیڈ کسی بھی آگ پر قابو نہیں پا سکے گا اور شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ کراچی کو بے یار و مدد گار چھوڑ دیا گیا ہے کیا کراچی صوبہ سندھ کا حصہ نہیں ہے، کیا کراچی کے شہری ٹیکس ادا نہیں کرتے، کیا کراچی کے شہریوں کو جینے کا حق نہیں ہے، کیا حکومت سندھ ان سے یہ حق بھی چھیننا چاہتی ہے میئرکراچی نے کہا کہ ہم کسی بھی حال میں اپنے لوگوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں