رینجرز نے سندھ میں اپنی بہادری سے ایک نئی تاریخ اور امن وامان قائم کرنے کے لئے ایک نئی مثال قائم کی ہے

وفاقی وزیر داخلہ کا رینجرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:11

رینجرز نے سندھ میں اپنی بہادری سے ایک نئی تاریخ اور امن وامان قائم کرنے کے لئے ایک نئی مثال قائم کی ہے
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ رینجرز نے سندھ میں اپنی بہادری سے ایک نئی تاریخ اور امن وامان قائم کرنے کے لئے ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں رینجرز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ پاس آئوٹ ہونے والے اہلکار پاکستان کے ایک باعزت ادارے میں شامل ہونے جا رہے ہیں، یہ وردی جو آپ نے زیب تن کر رکھی ہے اس کا ایک وقار ہے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز نے ہر مقام پر اپنی ذمہ داری بہادری سے پوری کی ہے اور رینجرز کی قابلیت اور بہادری کی پورا پاکستان عزت کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورا پاکستان رینجرز کا مشکور ہے کہ انہوں نے امن لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے کراچی میں بھی امن قائم کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی میں امن ہو گا تو دشمن کے عزائم خاک میں ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رینجرز کا مقابلہ غیر ملکی طاقتوں سے بھی ہے، کچھ دوست نما دشمن بھی ہیں، چند سال پہلے کراچی شہر ایک شخص کے ہاتھوں میں یرغمال تھا اور اس کے کہنے پر شہر کو بند کر دیا جاتا تھا جبکہ دکانیں اور گاڑیاں بھی جلا دی جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز نے اپنی ذمہ داریوں سے بڑھ کر کراچی میں امن کے لئے کردار ادا کیا اور آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ بھی ضبط کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رینجرز نے گذشتہ ساڑھے تین سال میں کراچی میں 9500 آپریشنز کئے، رینجرز کو دل جیتنے کے لئے بھی کامیابی سے آگے بڑھنا ہے۔ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد رینجرز کے اختیارات کو متنازعہ نہ بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں