کانسٹیبل کی بھرتی کے لیئے 1507 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے‘ ترجمان سندھ پولیس

ہفتہ 29 اپریل 2017 20:10

کانسٹیبل کی بھرتی کے لیئے 1507 امیدوار حتمی طور پر کامیاب قرار پائے‘ ترجمان سندھ پولیس
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2017ء) ترجمان سندھ پولیس نے بتایا ہے کہ پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ سندھ کی جانب سے پولیس میں میرٹ اہلیت کی بنیاد پر بھرتیوں کے حوالے سے اٹھائے گئے غیر جانبدارانہ اقدامات میں این ٹی ایس کے تحت سی ٹی ڈی اور آر آر ایف میں کانسٹیبل کی آسامیوں کے لئے 50562 امیدواروں نے درخواستیں دیں جن میں سے 30821 امیدواروں نے فزیکل امتحانات میں حصہ لیا اور 9410 امیدواروں نے تحریری امتحان کے لئے کوالیفائی کیا۔

دفتر سے جاری اعلامیہ میں ترجمان نے بتایا کہ ریکروٹمنٹ کمیٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق تحریری امتحانات میں کامیاب ہونے والے 6025 امیدواروں کو انٹرویوز کے لئے طلب کیا گیا جس میں سے 3097 امیدواران نے پچاس فیصد (25) مارکس حاصل کئے جنھیں بعد ازاں ہیپاٹائٹس اے اور بی کے اسکریننگ ٹیسٹ کے لئے بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق 3097 امیدواروں میں سے 120 کے ٹیسٹ مثبت جبکہ 2875 امیدواروں کی ہیپاٹائٹس اے اور بی کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آئی جبکہ 102 امیدوار ایسے تھے جو اسکریننگ ٹیسٹ کے عمل میں غیر حاضر رہے اور انہوں نے حصہ نہیں لیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ سندھ پولیس میں بھرتی کے تمام تر امور کو غیرجانبدارانہ اور شفاف بناتے ہوئے میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر حتمی طور پر سی ٹی ڈی میں 1000 جبکہ آر آر ایف میں 507 امیدواران کو تمام مراحل میں کامیاب اور نمایاں کارکردگی کا حامل قرار دیتے ہوئے دستیاب 1507 ویکنسیز کے لئے میڈیکل لیٹرز جاری کردیئے گئے ہیں۔ ترجمان سندھ پولیس کے مطابق 1507 کامیاب امیدواروں کی فہرست سندھ پولیس کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں