وزیراعظم نواز شریف کے حق میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پینافلیکس اور بینرز آویزاں ..
تازہ ترین : 1

وزیراعظم نواز شریف کے حق میں کراچی کے مختلف علاقوں میں پینافلیکس اور بینرز آویزاں

نواز شریف اس وقت ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں ،چاروں صوبوں میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں ،سید منوررضا/خواجہ طارق نذیر کرپشن کے خلاف بڑھکیں مارنے والے بتائیں انہوںنے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کے سربراہ کو کیوں فارغ کیا ،رہنما مسلم لیگ(ن)

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اپریل2017ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ اور کراچی ڈویژن کی جانب سے شہر قائد میں وزیراعظم میاں نواز شریف کے حق میں پینا فلیکس اور بینرز آویزاں کردیئے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق لاہور ،راولپنڈی ،اسلام آباد اور ملک کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے اپنے قائد میاں نواز شریف کے حق میں مہم کا آغاز کردیا ہے ۔

ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں میں مسلم لیگ (ن) سندھ اور کراچی ڈویژن کی جانب سے پینافلیکس اور بینرز آویزاں کیئے گئے ہیں، جس میں وزیراعظم نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔اس ضمن میں مسلم لیگ (ن))کراچی ڈویژن کے صدر سید منور رضااورجنرل سیکرٹری خواجہ طارق نذیر نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اس وقت ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں اور چاروں صوبوں میں ان کے چاہنے والے موجود ہیں ۔

عمران خان کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال کسی صورت بھی برداشت نہیں کیا جائے گا ۔عمران خان سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنے سے انکاری ہیں اور انہوںنے ’’میں نہ مانوں‘‘ کی رٹ لگائی ہوئی ہے ۔انہیں احساس ہوگیا ہے کہ وہ سیاسی میدان میں میاں نواز شریف کا مقابلہ نہیں کرسکتے ہیں اس لیے اب سازشیں کرکے اقتدار میں آنے کی کوشش کررہے ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کو ایٹمی طاقت بنانے والے میاں نواز شریف کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جارہا ہے ۔2018کے انتخابات میں عوام ان جھوٹے سیاستدانوں کو ان گھر پہنچادیں گے اور یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔مسلم لیگی رہنمائوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کے چاہنے والے اب میدان میں آگئے ہیں اور اپنے ہردلعزیز قائد کے خلاف ایک لفظ بھی برداشت نہیںکریں گے ۔

3مئی سے سپریم کورٹ میں عمران خان اور جہانگیر ترین کی تلاشی شروع ہونے والی ہے اور عوام دیکھ لیں گے کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والوں کے اپنے دامن کتنے صاف ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ ماریں ۔کرپشن کے خلاف بڑھکیں مارنے والے بتائیں کہ انہوںنے خیبرپختونخوا میں احتساب کمیشن کے سربراہ کو کیوں فارغ کیا اور وہاں ان کے اپنے ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف سے ٹکٹ کی بھیک مانگنے والے شیخ رشید احمد کی زبان بے لگام ہوچکی ہے اور آئندہ انتخابات میں اپنا انجام سامنے دیکھ کر وہ اپنے ہوش و حواس کھوبیٹھے ہیں ۔عوام ان جھوٹے لیڈروں کے چہروں سے بخوبی واقف ہیں اور جلد انہیں گھر کا راستہ دکھائیں گے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 29/04/2017 - 17:57:51

اس خبر پر آپ کی رائے‎