بھرپور استعداد کے حامل نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں ، گورنر سندھ

ہفتہ 29 اپریل 2017 16:26

بھرپور استعداد کے حامل نوجوان پاکستان کا اثاثہ ہیں ، گورنر سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ اور خوشحال پاکستان کے سنہری مستقبل کی لازمی ضرورت ہیں، پاکستان کی کل آبادی کا 60 فیصد سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے بھرپور استعداد سے مالا مال نوجوان اللہ تعالیٰ کا انمول تحفہ ہیں اس ضمن میں نیشنل یوتھ اسمبلی مستقبل کے نوجوانوں کی تربیت اور نئے شعور کی بیداری کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا اورمستقبل کے قائدین کی تیاری میں بھی یہ اپنا کردار اداکرے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنر ہائوس میں نیشنل یوتھ اسمبلی کی تقریب حلف برداری سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر نیشنل یوتھ اسمبلی کے اراکین سے گورنر سندھ نے حلف لیا ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت کو نوجوانوں سے بڑی توقعات وابستہ ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاقی حکومت نے نوجوان نسل کو کھوکھلے نعروں کے بجائے لیپ ٹاپ اور قلم دیئے ، ’’وزیر اعظم یوتھ پروگرام ‘‘نوجوانوں کے لئے مثالی حیثیت کا حامل ہے جس سے بیس لاکھ نوجوان لڑکے لڑکیاں علم و ہنر کے موتیوں سے مزین ہو رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ چھ برس کی مسلسل محنت کے بعد نیشنل یوتھ اسمبلی پاکستان کی نئی نسل کی فلاح کے لئے ایک منفرد بن چکا ہے، مجھے یہ جان کر بھی بے حد خوشی ہورہی ہے کہ یوتھ پارلیمانی اجلاس ، سیمینار ز ، ورکشاپس ، مطالعاتی دوروں ، مباحثوں اور ریسرچ کے ذریعہ پالیسیوں کی تیاری ، ترغیبی مہمات اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعہ نیشنل یوتھ اسمبلی کے ممبران اپنی ترقی کی راہیں ہموار کررہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مثبت اور قومی مفاد میں سرگرمیوں کو نہ صرف سراہا جانا چاہئے بلکہ اس کی حوصلہ افزائی بھی ضروری ہے اس ضمن میں نیشنل یوتھ اسمبلی کے اراکین کو بہترین جمہوری دنیا دریافت کرنے کے عمل میں ہر ممکن تعان فراہم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر دانیال گیلانی نے اپنے خطاب میں اسمبلی کے اغراض و مقاصد اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی ۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے نیشنل یوتھ اسمبلی کے اراکین سے حلف لیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں