پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی ایگزیکیوٹو کمیٹی کا اجلاس، بلدیاتی الیکشن اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال

جمعہ 10 اپریل 2015 22:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی ایگزیکیوٹو کمیٹی کا اجلاس پی پی سندھ کے صد ر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 20ستمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن، 25-اپریل کو کنٹونمینٹ بورڈز کے الیکشن تنظیمی ہونے والے اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں تمام ضلعی صدور نے اپنے اپنے ضلع کی تنظیمی اور سیاسی صورتحال پر اپنی اپنی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کنٹونمینٹ بورڈ کے الیکشن میں پارٹی کی جانب سے امیدوار نامزد کئے گئے ہیں، اور امیدواروں نے اپنی عوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پی پی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ پارٹی 20ستمبر کو ہونے والے بلدیاتی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی اور ہر یونین کمیٹی اور یونین کونسل میں امیدوار نامزد کرے گی پارٹی کی تنظیمیں اور کارکناں بلدیاتی الیکشن کیلئے تیاریاں شروع کردیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے پورے صوبے میں عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے اور کر رہی ہے، گذشتہ حکومت میں ہم نے غربت کو ختم کرنے کیلئے 2لاکھ سے زائد نوجوانوں کو میرٹ پر ملازمتیں فراہم کیں ہیں پورے صوبے میں سڑکوں کے جال بچھائے ہیں عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے کئی منصوبے مکمل کئے ہیں اور مزید منصوبوں پر کام جاری ہے۔

کراچی کیلئے پانی کے منصوبےK-4پر کام کا آغاز جلد شروع کردیا جائے گا،تاکہ کراچی میں پانی کے مسئلے کو حل کیا جا سکے۔ موجودہ حکومت کے تحت کراچی میں کئی میگا پروجیکٹ پر کام جاری ہے، انڈر پاس اور پل تعمیر کئے جا رہے ہیں، کراچی کی ترقی کیلئے موجودہ عوامی حکومت مزید اقدامات کر رہی ہے ،تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں میسر آ سکیں۔اجلاس میں شیری رحمان، نجمی عالم،راشد ربانی، وقار مہدی،قاسم بلوچ،سعیدچاولہ،مرزا مقبول،راجہ رزاق، ندیم بھٹو، ظفر صدیقی، فرزانہ بلوچ ،جاوید ناگوری،ساجد جوکھیو،اعجاز بلوچ،امتیاز خان، شہزاد مزاری، اقبال ساند، مشتاق مٹو اور دیگر نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں