میٹرک کے سالانہ امتحانات، ناظم امتحانات کے مختلف امتحانی مراکز پر چھاپے، 3جعلی امیدواروں سمیت 29طلباء دھر لئے گئے

جمعہ 10 اپریل 2015 22:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10 اپریل۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے زیر اہتمام سا لانہ امتحانات کے چوتھے روزآج صبح کی شفٹ میں اردو نارمل ، اردو سلیس اور جغرافیہ پاکستان پرچہ دوم (سائنس گروپ) جبکہ دوپہر کی شفٹ میں ریاضی (پرچہ دوم )کا پیپر ہوا۔اس موقع پرناظم امتحانات نعمان احسن نے ایک اطلاع پر بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ لانڈھی کے مختلف امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے مارے اور اس دوران غفلت ،لاپرواہی برتنے اور نقل مافیا سے روابط پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بلدیہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول Dایریا ،کورنگی 6کے سینٹر سپرنٹنڈنٹ محبوب علی لاشاری اور گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی کے اسسٹنٹ سینٹر سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر معطل کردیااور ان کی رپورٹ ڈائیریکٹر آف اسکولز کو ارسال کردی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ناظم امتحانات نے دوران چیکنگ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی نمبر 1سے 7طلباء، اقبال گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول لانڈھی سے 18طلباء جبکہ عارف حسین انگلش سیکنڈری اسکول لانڈھی سے 1طالب علم کو نقل کرتے ہوئے جبکہ 1جعلی امیدوار کو پکڑا جو کہ اصل امیدوار کی جگہ امتحان دے رہا تھا، ایک طالب علم سے موبائل فون برآمد کرکے ضبط کرلیا ۔

اس موقع پر سیکریٹری بورڈ مسز حور مظہر نے کہا ہے کہ امتحانات کے دوران نقل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،اس حوالے سے ہمیں کسی بھی امتحانی مرکز سے کوئی خبر موصول ہوتی ہے تو بورڈ انتظامیہ اس پر فوری ایکشن لیتی ہے ،انھوں نے مزید کہا کہ طلباء معمار پاکستان ہیں ان کی تعلیم و تربیت کا معیار بلند کرنا ہوگا اور اس کام میں والدین اور اساتذہ کا تعاون بے حد ضروری ہے ۔

ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا کہ نقل مافیاایک معاشرتی ناسور ہے ہمیں اس کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا ۔علاوہ ازیں بورڈ کی نامزد اسپیشل ویجیلنس ٹیم سمیت مختلف امتحانی مراکز کے سینٹر سپرنٹنڈنٹس اور سینٹر کنٹرول آفیسرز نے چیکنگ کے دوران گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول شرف آباد اور گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نمبر 3ناظم آباد سے 2 جعلی امیدواروں کو پکڑلیا جو کہ اصل امیدواروں کی جگہ امتحان دے رہے تھے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں