سندھ کے امتحانی مراکز کو نقل مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے والوں کا احتساب ناگزیر ہو چکا ہے،علی اکبر گجر

مستقبل کے معماروں کو تعلیمی میدان میں پیچھے دھکیلنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں،نائب صدر مسلم لیگ (ن) سندھ

جمعرات 9 اپریل 2015 17:34

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) سندھ کے امتحانی مراکز کو نقل مافیہ کے رحم و کرم پر چھوڑنے والوں کا احتساب ناگزیر ہو چکا ہے․ مستقبل کے معماروں کو تعلیمی میدان میں پیچھے دھکیلنے والے ملک اور قوم کے دشمن ہیں․ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے صوبے میں ہونے والے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں نقل اور غیر قانونی ہتھکنڈوں کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نقل مافیا قوم کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہا ہے․ میٹرک کے امتحانات پر نقل مافیہ کے مکمل کنٹرول پر صوبائی محکمہ تعلیم کی چشم پوشی کی جس قدر مذمت کی جائے کم ہے․ قوم کے معماروں کے مستقبل کے ساتھ کھیلنے والوں کے ہاتھ نہ روکے گئے تو ملک ذہین طلبہ و طالبات سے محروم ہوتا چلا جائے گا․ سندھ کے محنتی و ذہین طلبہ و طالبات کے مستقبل کے خلاف بد ترین سازشیں ہو رہی ہیں․ صوبائی محکمہ تعلیم اور متعلقہ امتحانی بورڈ سندھ کے ذہین طلبہ کے مستقبل کو تاریک کرنے کی سازش میں برابر کے شریک ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے پارٹی رہنماؤں سردار محمد نذیر، حاجی محمد اقبال، عمر فاروق قریشی، اقبال خاکسار، علی عاشق گجر، احمد علی خان، فصیح الرحمن ، اعجاز باجوہ کے ہمراہ کراچی کے مختلف امتحانی مراکز کے دورے کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ کراچی اور اندرون سے ملنے والی معلومات کی روشنی مین یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ سندھ کے محکمہ تعلیم نے علم کو بھی کا صنعت کا درجہ دے کر کمائی کا ذریعہ بنا لیا ہے․ سندھ میں ہر سطح کے امتحانات کے دوران ناجائز حربوں کا استعمال سندھ کے محنت کرنے والے ذہین طلبہ و طالبات کے ساتھ کئی دہائیوں سے جاری ہے جس کے تدارک کے لئے موجودہ اور گذشتہ صوبائی حکومتوں نے کبھی کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا․ علی اکبر گجر نے کہا کہ سندھ میں علم کے حصول کو عام طلبہ و طالبات کی پہنچ سے دور کردیا گیا ہے․ محنت اور زہانت سے علم حاصل کرنے والے قوم کے معماروں کے مقابلے میں علم کی خرید و فروخت کرنے والوں کو حکومتی اداروں میں بیٹھے ہوئے علم کے تاجروں کی سرپرستی حاصل ہے․ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کی قیادت صوبے میں تعلیم کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی مذمت کرتے ہوے کہا ہے کہ جو جماعت اور اس کی حکومت اپنے محنتی اور ذہین بچوں کا مستقبل محفوظ نہیں بنا سکتی اسے جمہوریت اور عوام کے نام پر سیاست کرنے کا کوئی حق نہیں․ کئی دہائیوں سے سندھ کے تعلیمی اداروں پر ایسے عناصر کا قبضہ ہے جس نے صوبے کے ذہین اور محنت کرنے والے طلبہ و طالبات کی محنت کی قیمت پرنیا کاروبار شروع کر رکھا ہے․ہر سال امتحانی مراکز نقل مافیہ کو ٹھیکے پر دے دئے جاتے ہیں اور غیر سنجیدہ عناصر کو نقل اور غیر قانونی ذرائع کے ذریعے امتحانی عمل پر شبخون مارنے کی کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے جس کی وجہ سال بھر محنت کرنے والے قوم کے حقیقی معمار جائز حق سے محروم کر دیے جاتے ہیں․ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ سے نقل مافیہ کے مکمل خاتمے کے لئے کوشاں ہے اور سندھ حکومت سے توقع رکھتی ہے کہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کی دھرتی کے ہونہار طلبہ و طالبات کو علم سے دور کرنے کی سازشوں میں ملوث عناصر کے خلاف جنگی بنیادوں پر اقدامات کرے گی کیونکہ اگر سندھ کو علم سے محروم رکھا گیا تو صوبہ ترقی اور خوشحالی کی دوڑ میں دنیا سے بہت پیچھے رہ جائے گا․

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں