الطاف حسین ایک طرف دعوت دیتے ہیں ،دوسری جانب ڈنڈے برساتے ہیں،عمران خان

شاندار استقبال پر کراچی والوں کا شکرگزار، کارکنوں کو خوف کے باوجود بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلنے پر داد دیتا ہوں

جمعرات 9 اپریل 2015 17:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جناح گراوٴنڈ میں ہمارے کارکنوں پر تشدد کیا گیا ہے ۔الطاف حسین ایک طرف دعوت دیتے ہیں اور دوسری جانب ڈنڈے برساتے ہیں ۔ شاندار استقبال پر کراچی والوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں اور تحریک انصاف کے کارکنوں کو داد دیتا ہوں کہ اتنے خوف کے باوجود بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکلے۔

کراچی میں پارٹی کارکنوں نے خوف کا حصار توڑ دیا ہے ۔ہم نے کراچی کو پرامن شہر بنانا ہے ۔کارکن کسی قسم کے تصادم سے گریز کریں ۔جناح گراوٴنڈ تحریک انصاف کے 19 اپریل کے جلسے کے لئے چھوٹا پڑ جائے گا۔وہ جمعرات کو جناح گراوٴنڈ عزیز آباد کا دورہ کرنے کے بعد کریم آباد پر مرکزی انتخابی کیمپ پر ریلی کے شرکا سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ یہ سن کر بہت افسوس ہوا کہ ہمارے نوجوانوں پر متحدہ کے کارکنوں نے حملہ کیا لیکن تحریک انصاف کے کارکنوں کو کسی تصادم میں شریک نہیں ہونا کیونکہ ہم ایک پر امن جماعت ہیں ۔

نیا کراچی بننے والا ہے ہم کراچی کو ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے اور یہاں عالمی سرمایہ کاری ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایم کیوا یم کا تو ڈسپلن بہت مانا جاتا ہے جبکہ تحریک انصاف میں اس قدر ڈسپلن نہیں پھر کیسے الطاف حسین کے اعلان کے باوجود پی ٹی آئی کے کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔الطاف حسین دوغلی پالیسی رکھتے ہیں، ایک طرف دعوت دیتے ہیں اور دوسری طرف ڈنڈے برساتے ہیں لیکن ہم نے بندوق کا مقابلہ بندوق سے نہیں کرناہے۔

انہوں نے کہا کہ جناح گرانڈ عزیز آباد کا دورہ کیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ یہ گرانڈ تحریک انصاف کے 19 اپریل کے جلسے کے لئے چھوٹا پڑ جائے گا،انہوں نے 19 اپریل کو جلسے کا اعلان کرتے ہوئے این اے 246 میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسمعیل کو مخاطب کرکے کہا کہ کسی بڑی جگہ کا انتخاب کریں عوام کی کثرت کے باعث جگہ کم پڑنے والی ہے۔این اے 246 کو لوگوں کو کہتا ہوں کہ ڈرنا نہیں ہے۔

19 اپریل کو کراچی میں ہر صورت میں جلسہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وہ کراچی سے خوف و ہراس کی فضا ختم کرنے آئے ہیں ، ان کی کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، کراچی میں امن ہوگا تو ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا ، میری خواہش ہے کہ پورا ملک امن کا گہوارہ بن جائے اور اس کے کیلئے کراچی سے خوف و ہراس کی فضا ختم کرنا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ کوئی غلط فہمی میں نہ رہے ،کسی کے ڈرانے سے ڈریں گے نہ پیچھے ہٹیں گے۔

این اے 246 سے جیتنے کی پوری کوشش کریں گے لیکن ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے ۔ ہم جتنی زیادہ مزاحمت کریں گے اتنے ہی مزید مستحکم ہوں گے۔ مخالفت سے پارٹی اورزیادہ مضبوط ہو رہی ہے۔ پارٹی آج اس مقام تک پہنچ چکی ہے جس کا ہم سوچ بھی نہیں سکتے تھے انہوں نے کہا کہ 2015الیکشن کا سال ہے ۔انہوں نے ریحام خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان بنانے میں خواتین بھی اپنا کردار ادا کر رہی ہیں انہوں نے پارٹی کے کارکنان کو ریلی کے انعقاد پر مبارک باد دی اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور رابطہ کمیٹی کا جناح گراونڈ پہنچنے پر استقبال کرنے کے لئے شکریہ بھی ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں