عمران خان کی این اے 246آمد ، پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات

جمعرات 9 اپریل 2015 16:38

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے دورہ این اے 246 کے موقع پر پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ لیاقت آباد 10 نمبر سے سہراب گوٹھ تک شاہراہ پاکستان کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ۔ شاہراہ دونوں اطراف رکاوٹیں کھڑی کر دی گئی تھیں ۔ پولیس نے حفاظتی انتظامات کے تحت کریم آباد ، حسین آباد ، عائشہ منزل ، عزیز آباد ، شریف آباد اور اطراف کے علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند کرا دیا تھا جبکہ کریم آباد پر پی ٹی آئی کے مرکزی کیمپ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

پولیس کی بھاری نفری نے کریم آباد کے کیمپ کو گھیرا ہوا تھا اور کیمپ کے داخلی راستے پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے ۔

(جاری ہے)

شاہراہ پاکستان اور اطراف کے راستوں کی بندش اور عمران خان کی سربراہی میں پی ٹی آئی کی ریلی کے باعث شاہراہ پاکستان کے اطراف علاقوں لیاقت آباد ، غریب آباد ، ناظم آباد ، ناگن چورنگی ، گلشن اقبال ، سوک سینٹر ، شاہراہ فیصل سمیت اطراف کی سڑکوں اور شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آیا ۔

میٹرک کے امتحان دے کر امتحانی مراکز اور اسکولوں سے چھٹی کے بعد گھروں کو واپس جانے والے طلباء و طالبات اور عام شہری ٹریفک جام میں پھنس گئے اور ٹریفک پولیس کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام کو کنٹرول کرنے میں لگی رہی تاہم اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ۔ ٹریفک جام کے باعث شہریوں کے معاملات زندگی شدید متاثر ہوئے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں