صوبے کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور درپیش مسائل کے حل کیلئے سندھ حکومت اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیاہے، شرجیل انعام میمن

بدھ 8 اپریل 2015 22:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صوبے بھر کے صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس اور دیگر صحافی تنظیموں کے ساتھ ہم نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات رواں رکھیں ہیں اور آئندہ بھی ہماری یہی کوشش ہوگی کہ صحافیوں کے حوالے سے تمام وہ اقدامات بروئے کار لائے جائیں کہ جس سے ان کو کسی قسم کی کوئی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

سندھ حکومت اور محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے سندھ بھر کے صحافیوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں۔ وہ بدھ کو اپنے دفتر میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے سیکرٹری جنرل امین یوسف کی قیادت میں آنے والے 5 رکنی وفد سے ملاقات کررہے تھے، اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سندھ ذوالفقار شالوانی، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن سندھ محمدیوسف کابورو، صحافیوں کے وفد میں پی ایف یو جے کی ایف ای سی کے رکن مشتاق سرکی، سابق صدر کے یوجے ساجد وزیر، ارشد صدیقی اور حریم سومرو موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پی ایف یو جے کے سیکرٹری جنرل امین یوسف نے آئندہ ماہ کراچی میں پی ایف یو جے کے تحت ایشیاء کی سب سے پہلی میڈیا کانفرنس کے کراچی میں انعقاد کے حوالے سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا اور اس کانفرنس کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ صوبائی وزیر نے وفد کو یقین دلایا کہ محکمہ اطلاعات سندھ اس حوالے سے مکمل طور پر ان کے ساتھ ہے اور اس کانفرنس سمیت کسی بھی صحافیوں کے حوالے سے کوئی بھی اقدام لیا جائے گا اس میں ہم اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور آزاد صحافت ہے اور ہمارے بانی چئیرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید، شہید چئیرپرسن محترمہ بینظیر بھٹو صاحبہ کے بعد اب ہمارے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چئیرمین و سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے اس سلسلے میں واضح موقف ہے کہ اس ملک میں میڈیا کی آزادی کو کوئی قدغن نہیں لگائی جاسکتی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی اور اس کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے آزادی صحافت کے لئے کی جانے والی جدوجہد میں ہراول دستہ کا کردار ادا کیا اور اب بھی ہم صحافیوں کی فلاح و بہبود میں کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔ اس موقع پر امین یوسف اور وفد کے دیگر ارکان نے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے صحافیوں کے لئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس ملک میں جمہوریت کی بقا اور سا لمیت کے لئے جس طرح ماضی میں صحافیوں نے سیاسی جماعتوں بالخصوص پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اپنا کردار ادا کیا ہے اب بھی وہ اپنا کردار ادا کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں