ثا نوی تعلیمی بورڈ کراچی کے امتحانات پر امن ماحول میں جاری

چیئرمین میٹرک بورڈ اور ناظم امتحانات کا مختلف اسکولوں کا دورہ ، امتحانی مراکز پر پر سکون ماحول کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار

بدھ 8 اپریل 2015 19:12

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے تحت جاری سالانہ امتحانات 2015کے دوسرے روز صبح کی شفٹ میں انگریزی دوم (سائنس گروپ )جبکہ دوپہر کی شفٹ میں جنرل سائنس (ریگولر و پرائیویٹ)کے پرچوں کا انعقاد ہوا ۔اس موقع پر چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان اور ناظم امتحانات نعمان احسن نے نیشنل ہائی اسکول گلشن اقبال ، مونٹیسوری کمپلیکس ہائی اسکول بلاک 6گلشن اقبال اور ہیپی ہوم ہائی اسکول بلاک 13-D-1،گلشن اقبال کا دورہ کیا ۔

چیئرمین میٹرک بورڈ فصیح الدین خان نے اسکولوں کے دورے کے دوران طلباء و طالبات سے امتحانی پرچہ جات کے حوالے سے بات چیت کی اور امتحانی مراکز پر پر سکون ماحول کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سینٹر سپرنٹنڈنٹس کی کارکردگی کو تسلی بخش قرار دیا ۔

(جاری ہے)

ناظم امتحانات نعمان احسن نے کہا ہے کہ امتحانات کے دوران طلباء و طالبات کو درپیش مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ امتحانی مراکز پر ویجیلنس آفیسرز اور سینٹر سپرنٹنڈنٹس اپنی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے چیکنگ کے طریقہ کار کو فعال بنائیں ۔

علاوہ ازیں اسپیشل ویجیلنس ٹیم اور سینٹر کنٹرول آفیسرز نے سٹیزن پبلک سیکنڈری اسکول سول لائن سے 1طالب علم کو نقل کرتے ہوئے جبکہ فارن ہائی اسکول سیکٹر 14-B،اورنگی ٹاؤن سے 3جعلی امیدواروں کو پکڑاگیا ۔دریں اثناء اسپیشل ویجیلنس ٹیم نے دوپہر کی شفٹ میں کارروائی کرتے ہوئے علیمیہ گورنمنٹ بوائز سیکنڈری اسکول نارتھ ناظم آباد سے ایک جعلی امیدوار کو اصل امیدوار کی جگہ امتحان دیتے ہوئے پکڑ ا کیس UFMکمیٹی کے سپرد کردیا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں