یمن کے معاملے پر حکومت فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرے،یوسف رضا گیلانی

بدھ 8 اپریل 2015 16:44

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر وائس چیئرمین اور سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یمن کے معاملے پر حکومت فریق بننے کے بجائے ثالثی کا کردار ادا کرے ۔ یمن فوج بھیجنے کے معاملے پر پارلیمنٹ جو فیصلہ کرے ، حکومت کو مذکورہ فیصلہ تسلیم کرنا چاہئے ۔ وہ بدھ کو کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ یمن کا معاملہ حساس ہے ۔ میری حکومت کو تجویز ہے کہ سعودی عرب فوج بھیجنے سے قبل پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلا کر پارلیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے اور اس حوالے سے متفقہ فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ حکومت کے لیے بہتر ہو گا کہ یمن کے معاملے پر فریق بننے کے بجائے امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے اس معاملے پر ثالثی کا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہی پیپلزپارٹی کے چیئرمین ہیں ۔ بلاول بھٹو زراری اور آصف علی زرداری میں کوئی اختلاف نہیں ۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم بیمار ہیں ۔ اس لیے وہ سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ مخدوم امین فہیم اور میرے خلاف بنائے گئے مقدمات عدالتوں میں ہیں ۔

عدالت ان کا فیصلہ کرے گی ۔ ان مقدمات کے حوالے سے حکومتی انتقامی کارروائی کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کروں گا کیونکہ یہ معاملہ عدالت میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی کارکردگی پر بھی کوئی تبصرہ نہیں کروں گا ۔ پیپلز پارٹی کا مشن عوام کی خدمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور حکومت کی کارکردگی بہتر ہونے کا عمران خان سمیت دیگر ہمارے مخالفین بھی اعتراف کرتے ہیں ۔ انہوں نے بلدیاتی انتخابات ہوں یا ضمنی انتخابات ۔ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہیں ۔ ہم میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ۔ بلدیاتی انتخابات میں بھی ملک بھر سے حصہ لیں گے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں