صحت مند سندھ پروگرام سے صوبہ میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا ،جام مہتاب حسین ..
تازہ ترین : 1

صحت مند سندھ پروگرام سے صوبہ میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہوگا ،جام مہتاب حسین ڈھر

تھر ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن فیسٹیول کا مقصد عوام میں بیماریوں کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے، سیکریٹری صحت افتخارشالوانی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ صوبہ میں صحت عامہ کی سہولیات بہتر بنانے کے لئے ” صحت مند سندھ پروگرام “ کا آغاز کیا جارہا ہے تاکہ خصوصاً صحت کے حوالے سے مسائل کے شکار اضلاع میں تمام سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو عالمی یوم صحت کے موقع پر صوبہ کے لئے ” صحت مند سندھ پروگرام “ کے افتتاح کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سیکریٹری صحت افتخار احمد شالوانی ‘ وائس چانسلر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر طارق رفیع ‘ سول اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پروفیسر سعید قریشی بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ 8 سے 10 اپریل تک صحت مند سندھ پروگرام کا پہلا مرحلہ تھر ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن فیسٹیول کے تحت منایاجائے گا جس کا افتتاح 8 اپریل کو وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ تھر ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن فیسٹیول کا بنیادی مقصد تھر کے عوام کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ ‘ ان کے علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں آگاہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھر میں صحت کے مسائل کی بڑی وجہ وہاں کے عوام میں اس بارے میں آگاہی کا نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے کئی ایسی بیماریاں وبائی شکل اختیار کرلیتی ہیں جن سے معمولی احتیاطی تدابیر اختیار کرکے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

انہوں نے شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کی کہ وہ اس آگاہی مہم میں محکمہ صحت کا بھرپور ساتھ دیں ۔سیکریٹری صحت افتخار احمد شالوانی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ صوبہ سندھ میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں اور صحت مند سندھ پروگرام بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کا صحت مند سندھ پروگرام اس عزم کا اعادہ ہے کہ صحت کی سہولیات صوبہ کی تمام یونین کونسلوں تک پہنچائی جائیں گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 8 سے 10 اپریل کے دوران تھرمیں مختلف امراض کے ماہرین موجود ہوں گے جو کہ مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آگاہی مہم کے ذریعہ مختلف بیماریوں سے ہونے والی اموات کو کم کرنے میں بھی مدد ملے گی جن میں خصوصاً بچوں کی اموات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس موقع پر تھر میں موجود رہ کر آگاہی مہم کی نگرانی کریں گے ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 07/04/2015 - 21:46:44

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں