محکمہ خوراک نے دیگر صوبوں کو 46133 گندم کی بوریاں منتقل ہونے سے روک دیں

منگل 7 اپریل 2015 21:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب حسین ڈھر کی خصوصی ہدایات پر دیگر صوبوں کو غیر قانونی طور پر بھیجی جانے والی 46133گندم کی بوریاں روک دیں ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک سندھ کے عملے نے میرپور خاص ڈویژن سے 12600 گندم کی بوریاں‘ سکھر ڈویژن سے 22675 ‘ کشمور اور جیکب آباد سے 4500 اور بے نظیر آباد سے 450 ‘ بدین سے 3900 اور ٹنڈو محمد خان سے 2000گندم کی بوریاں دیگر صوبوں کو غیر قانونی طریقے سے منتقل ہونے سے روک دیں ۔

صوبائی وزیر خوراک جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ صوبہ سندھ سے دیگر صوبوں کو گندم کی غیر قانونی نقل و حمل پر دفعہ 144 کے تحت پابندی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری صوبے بھر میں جاری ہے اور اب تک محکمہ خوراک نے 2 لاکھ 22 ہزار 915 گندم کی بوریاں خریدلی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ تمام فوڈ کنٹرولر اس بات کے پابند ہیں کہ وہ کاشت کاروں کو باردانہ فراہم کریں گے اور باردانہ فراہم نہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔

جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا کہ محکمہ خوراک 31 مئی تک ایک کروڑ 30 لاکھ گندم کی بوریوں کی خریداری کا ہدف پورا کرلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی خریداری کا مرحلہ مکمل ہونے تک ہر قسم کے تبادلے و تقرری پر پابندی عائد رہے گی اور یہ پابندی وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کے حکم نامہ کے تحت عائد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور دیگر صوبوں کو گندم کی غیر قانونی نقل و حمل روکنے کے لئے رینجرز کی مدد حاصل کی جارہی ہے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں