عمران خان (کل) کراچی پہنچیں گے ،کریم آباد کے کیمپ میں بیٹھ کر اہل علاقہ سے ملاقات کرینگے،تحریک انصاف

تحریک انصاف کسی سے گھبرانے والی نہیں نہ ہی الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ،پرامن انتخابات کیلئے پورے حلقے کو فوج کے حوالے کیا جانا ضروری ہے

منگل 7 اپریل 2015 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوٴں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین آج (بدھ) کراچی پہنچ رہے ہیں ۔وہ اپنے دورہ کراچی میں کل (جمعرات) این اے 246کے حلقے میں پورا دن گذاریں گے ۔کریم آباد کے کیمپ میں بیٹھ کر اہل علاقہ سے ملاقات کریں گے اور حلقے کے ہر حساس علاقے اور محلے کا دورہ کریں گے ۔تحریک انصاف کسی سے گھبرانے والی نہیں اور نہ ہی ہم الیکشن سے بھاگ رہے ہیں ۔

پرامن انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ پورے حلقے کو فوج کے حوالے کیا جائے ۔پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے ۔الطاف حسین ایک مقدمے میں عدالت سے مفرور ہیں ۔ریڈ وارنٹ جاری کرکے ان کو گرفتار کیا جائے ۔پاکستان میں موجود ان کی جائیداد نائن زیرو کو ضبط کیا جائے ۔

(جاری ہے)

پیمرا ان کے خطابات پر پابندی عائد کرے ۔23اپریل کراچی کی زمینوں پر قبضہ کرنے والوں اور امن تباہ کرنے والوں کے احتساب کا دن ہے ۔

کراچی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ اگر وہ خوف سے نجات اور آزادی چاہتے ہیں تو پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل کو کامیاب کرائیں ۔ان خیالات کااظہار پی ٹی آئی کے رہنماوٴں نادر اکمل لغاری ،این اے 246سے امیدوار عمران اسماعیل ،علی زیدی ،فیصل واوڈا اور فردوس شمیم نقوی نے منگل کو کریم آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی انتخابی کے کیمپ کے افتتاح کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر پولیس نے کریم آباد کی شاہراہ کو عام ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی ۔پریس کانفرنس کے دوران کارکنوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی جو نعرے بازی کررہے تھے ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے ترانے بھی بجائے گئے جس پر کارکنوں نے جوش و جذبے کا اظہار کیا ۔پی ٹی آئی کے رہنما نادر اکمل لغاری نے کہا کہ ہمارا کسی جماعت سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ۔

اگر ایم کیو ایم والے ہمیں انتخابی مہم چلانے نہیں دیں گے اور دہشت گردی کی زبان میں بات کریں گے تو پھر بات آگے چلی جائے گی ۔ایم کیو ایم کو اگر انتخاب لڑنا ہے تو جمہوری اندازمیں لڑے ۔جھگڑے اور فساد کی سیاست سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی ایک بڑی عوامی قوت بن کر سامنے آئی ہے اور ہم جمہوری انداز میں این اے 246میں ایم کیو ایم کا مقابلہ کررہے ہیں ۔

پی ٹی آئی پرامن جماعت ہے ۔مار کٹائی کی سیاست ہمارا وطیرہ نہیں ہے ۔ایم کیو ایم کے اوچھے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلائیں گے ،شہر کی رونقوں کو بحال کریں گے اور عمران خان کا فقید المثال استقبال کریں گے ۔23اپریل کراچی کی آزادی کا دن ہوگا ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل نے کہا کہ ہمارا کسی سے نہ جھگڑا ہے اور نہ ہی ہم کسی پر حملے کررہے ہیں ۔

ہماری توجہ صرف انتخابی مہم پر ہے ۔حلقے کے مکینوں کے شناختی کارڈ چھینے جارہے ہیں ۔انہیں ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔کہا جارہا ہے کہ وہ پتنگ کے نشان کو ووٹ دیں ۔انہوں نے حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ جن شہریوں کے شناختی کارڈ چھینے گئے ہیں وہ ہمیں اطلاع دیں ۔انہوں نے حلقے کے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوف کی فضاء کو ختم کرکے باہر آئیں پی ٹی آئی ان کے ساتھ کھڑی ہے ۔

انہوں نے عمران خان کے دورہ کراچی کا شیڈول بتاتے ہوئے کہا کہ عمران خان بدھ کو کراچی آئیں گے ۔جمعرات کو پورا دن این اے 246میں گذاریں گے ۔عمران خان کی قیادت میں ریلی بھی نکالی جائے گی ۔کریم آباد سمیت دیگر کیمپوں پر بیٹھ کر وہ عوام سے ملاقات کریں گے ۔عزیز آباد سمیت ہر علاقے کی اس گلی اور محلے میں جائیں گے جہاں لوگ جانے سے گھبراتے ہیں ۔

ایم کیو ایم کے مرکز کی طرف بھی جائیں گے ۔وہاں جاکر پرامن انداز میں عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے سمجھ لیں کہ ہم پرامن انداز میں انتخابی مہم چلارہے ہیں ۔اگر ہمارے کسی بھی رہنما یا کارکن پر خراش آئی تو اس کے ذمہ داری ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین اور ان کی جماعت ہوگی ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ کراچی کے لوگ اگر کہیں جاتے ہیں تو انہیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ۔

میں عمرے پر گیا تھا نائن زیرو سے اجازت لے کر نہیں گیا ۔عوام سے بھی کہتا ہوں کہ وہ نائن زیرو کی اجازت سے ووٹ نہ دیں بلکہ آزدانہ طریقے سے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں ۔23اپریل کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا اور سب کو علم ہوجائے گا کہ اب شہر کی اکثریتی جماعت پی ٹی آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا سورج غروب ہوگیا ۔اس موقع پر فیصل واوڈا نے کہا کہ الطاف حسین ایک مقدمے میں عدالت سے مفرور ہیں ۔

وہ لندن میں بیٹھے ہوئے ہیں ۔حکومت ریڈ وارنٹ جاری کرکے انہیں گرفتار کرے ۔حکومت اس بات کا بھی نوٹس لے کہ جو شخص کسی مقدمے میں مفرور ہوتا ہے وہ آزادانہ پریس کانفرنس یا تقریر نہیں کرتا ۔پیمرا اس کا نوٹس لے اور ان کے خطاب پر پابندی لگائے ۔الطاف حسین اپنی ضمانت کرالیں ۔قانون کے مطابق عدالت سے کلیئر ہوجائیں پھر جتنے چاہیں خطابات اور پریس کانفرنس کرلیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی پاکستان میں موجود جائیداد نائن زیرو کو ضبط کیا جائے تاکہ وہ اس مقدمے کا سامنا کرنے کے لیے پاکستان آسکیں ۔انہوں نے کہا کہ جو شخص صاف اور کلیئر ہوتا ہے وہ بیرون ملک فرار نہیں ہوتا ۔اس موقع پر فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کراچی کی زمینوں پر قبضے کیے ،شادی ہال تعمیر کرائے ۔شہر کا امن تباہ کیا ۔23اپریل کو احتساب کا دن ہے ۔ہم ووٹ کی طاقت سے ان کا احتساب کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی جیت گئی تو کراچی میں خواتین کے لیے ایک بڑی یونیورسٹی قائم کی جائے گی ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں