کراچی ،ایس ایچ اوز کو جوئے ،منشیات کے اڈوں کو 10اپریل تک ختم کرنے کی مہلت دیدی گئی

پولیس تھانوں کی سطح ایسے گھناوٴنے فعل میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے،اے آئی جی کراچی

منگل 7 اپریل 2015 19:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) ایڈیشنل آئی جی کراچی کی زیر صدارت اجلاس میں تمام ایس ایچ اوز کو جوئے اور منشیات کے اڈوں کو 10اپریل تک ختم کرنے کی مہلت دے دی گئی ہے تاکہ شہر کو منشیات اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کیا جاسکے ۔منشیات کے اڈے جرائم کی آماجگاہ ہیں اور معاشرتی برائیوں کی جڑ ہیں ۔پولیس تھانوں کی سطح ایسے گھناوٴنے فعل میں ملوث عناصر اور ان کے سرپرستوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیوں کو یقینی بنایا جائے ۔

یہ بات ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے سینٹرل پولیس میں ایک اجلاس کے دوران شہر میں جرائم اور بالخصوص جوئے اور منشیات کے اڈوں کے خلاف جاری پولیس ایکشن کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر اجلاس میں پولیس زون ایسٹ ،ویسٹ ،ساوٴتھ کے ڈی آئی جیز سمیت ڈی آئی جی سی آئی اے اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے پولیس کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے تمام تھانوں کی سطح پر 10اپریل تک شہر سے جوئے اور منشیات کے اڈوں کو منظم پولیس ایکشن کے تحت ختم کردیا جائے ۔

بصورت دیگر بعد از معیاد کسی بھی علاقے میں ایسے اڈوں کے چلنے سے متعلق رپورٹ پر نہ صرف متعلقہ ایس ایچ او سے تقرری واپس لے لی جائے گی بلکہ سخت محکمانہ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی ۔اس ضمن میں ڈی آئی جیز کو اپنے علاقوں کی حدود میں منشیات کے اڈوں کو ختم کرنے کے سرٹیفکیٹ بھی دینے ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ محکمانہ فرائض اور اس سلسلے میں وقتافوقتاً جاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے غفلت اور لاپرواہی سے گریز کیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں