شہریوں کے مسائل کوتیزی سے حل کرنے کے لئے محکمہ جاتی افسران جاری کئے گئے احکامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں،ثاقب احمد سومرو

پیر 6 اپریل 2015 22:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ شہریوں کے مسائل کوتیزی سے حل کرنے کے لئے محکمہ جاتی افسران جاری کئے گئے احکامات پر فوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں، شہر کو سرسبزو شاداب اور تجاوزات سے پاک بنانے کی مہم میں تیزی لائی جائے مسائل کے حل میں بلاوجہ رکاوٹ ڈالنے والے افسران سے باز پرس کی جائے گی، ایسی حکمت عملی اختیار کی جائے کہ شہریوں کو اپنے کاموں کے لئے افسران کے دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران موصول ہونے والی درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے کیا ۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر ملاقات کے لئے آنے والے شہریوں کو درپیش مسائل توجہ سے سنیں اور انہیں یقین دلایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ان کے روزمرہ مسائل کو جلد از جلد حل کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے ، انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والوں سے کہا کہ اگر ان کے کام میں کوئی رکاوٹ ہو تو مجھ سے دوبارہ رجوع کریں ان کے مسائل کو حل کرنا بلدیہ کی ذمہ داری ہے لہٰذا شہر اور شہریوں کے وسیع تر مفاد میں تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے ہدایت کی کہ شہر میں جاری تجاوزات کے خلاف کارروائی میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ شہریوں کو جلد ازجلد تجاوزات سے نجات ملے اور ان کی روزمرہ زندگی میں بہتری لائی جاسکے انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا اور سر سبز بنانے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں جن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور بہت جلد کراچی کے مکین اپنے اطراف خوشگوار تبدیلی محسوس کریں گے انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ اپنے دفاتر میں بھی صفائی کا انتظام کریں اور روزانہ کی بنیاد پر دفاتر کی حدود میں چیکنگ کا نظام اپنایا جائے انہوں نے محکمہ میونسپل سروسز سے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی کا کام مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے اور شہر کی سڑکوں ، فلائی اوورز اور پلوں پر جمی ہوئی مٹی اور گرد کو فوری طور پر صاف کرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دی جائیں ، انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں اور شہریوں کے مسائل کے حل کے سلسلے میں میرے واضح احکامات کی فوری تعمیل ہونی چاہئے، انہوں نے محکمہ انجینئرنگ کے افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں جہاں بھی ٹوٹی ہوئی سڑکیں ہیں وہاں سڑکوں کی فوری مرمت اور کارپیٹنگ کا بندوبست کیا جائے اور سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے فوری بھرے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی میں بہتری لائی جائے ، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ شہری اس امید پر ہمارے پاس آتے ہیں کہ ان کے جملہ مسائل کم سے کم وقت میں حل ہوں لہٰذا بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محکمے سے متعلق موصولہ شکایات پر فوری کارروائی کریں اور شہریوں کو اس حوالے سے مستقل باخبر رکھنے کا انتظام کریں، انہوں نے کہا کہ ملاقات کے لئے آنے والے شہریوں کے لئے ان کے دروازے کھلے ہیں اور وہ سوک سینٹر میں کسی بھی دن ان سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ جاتی افسران کو بھرپور اور متحرک انداز میں خدمات انجام دینا چاہئیں کیونکہ بلدیہ عظمیٰ کراچی ایک شہری ادارہ ہے اور شہریوں کا اس ادارے سے براہ راست تعلق ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ مسائل کے حل کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ساتھ تعاون کریں ہم سب مل کر اس شہر کو صاف ستھرا ، تجاوزات سے پاک ، سرسبزاور شاداب بناسکتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں