این اے 246کے عوام اپنا قیمتی ووٹ استعمال کرکے مخالفین کوعبرتناک شکست سے دوچار کریں، ..
تازہ ترین : 1

این اے 246کے عوام اپنا قیمتی ووٹ استعمال کرکے مخالفین کوعبرتناک شکست سے دوچار کریں، کنور نوید جمیل

پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار اور دیگر رہنما اس حلقہ میں ضمنی انتخاب میں غلیظ زبان کا استعمال کررہے ہیں

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء)این اے 246کی نشست پر ہونیو الے ضمنی انتخاب میں نامزد متحدہ قومی موومنٹ کے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل نے کہا ہے کہ حلقہ این اے 246کے عوام کی الطاف حسین سے وابستگی نظریاتی بنیادوں پر انتہائی مضبوط ہے ، پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار اور دیگر رہنما اس حلقہ میں ضمنی انتخاب میں جس طرح سے محاذ آرائی پر اترے ہوئے ہیں اور غلیظ زبان کا استعمال کررہے ہیں اس سے حلقہ انتخاب کے عوام کے جذبات مجروح ہورہے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز انتخابی مہم کے سلسلے میں لیاقت آباد شریف مسجد الصفاء روڈ اور لیاقت آباد نمبر 4مسجد دارالصلوة یونین کونسل نمبر 8میں انتخابی کارنر میٹنگوں کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پرحق پرست اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ، ایم کیوایم فیڈرل بی یریا اور لیاقت آباد سیکٹر کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے ۔

انتخابی دفاتر پر عوام و کارکنان نے نامزد امیدوار کنور نوید جمیل کا پرتپال استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور قائد تحریک الطا ف حسین اور ایم کیوایم کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔ عوامی اجتماعات سے کنو رنوید جمیل نے اپنے خطاب میں کہاکہ ایم کیوایم پرامن او رجمہوری سیاسی جماعت ہے ، پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتیں کراچی میں طاقت ، دھونس دھاندلی کے ذریعے ماضی بھی ایم کیوایم سے عوامی مینڈیٹ چھیننے کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتی رہی ہیں لیکن اس کے باوجود عوام نے ہر انتخابات میں الطاف حسین کے نامزد کردہ امیدواروں کو بھی بھاری اکثریت سے ووٹ دیکر کامیاب کرایا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ حلقہ این اے 246میں انتخابی مہم پرامن اور جمہوری اور سیاسی روایت کے مطابق رکھنا ایم کیوایم کی پالیسی کا حصہ ہے لیکن پی ٹی آئی انتخابی ماحول میں غنڈہ گردی کررہی ہے اوراس کا الزام حقائق کے برخلاف ایم کیوایم پر ہی عائد کررہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ این اے 246کے ضمنی انتخاب میں ایم کیوایم کو کسی قسم کی دھونس دھاندلی کی ضرورت نہیں ہے ، یہ حلقہ الطاف حسین کے چاہنے والوں پر مشتمل ہے اور یہاں عوام کی ان سے نظریاتی بنیادوں پر مضبوط وابستگی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کو این اے 246کی نشست سے ہرانے کیلئے اسٹیبلشمنٹ پی ٹی آئی کی سرپرستی کررہی ہے یہ 23، اپریل کو انتخابی نتائج ثابت کردیں کہ پی ٹی آئی انتخاب سے قبل جو نعرے اور دعوے کررہی تھی وہ سب ڈرامہ اور منظم سازشی منصوبہ کا حصہ تھے ۔ کنور نوید جمیل نے عوامی اجتماعات کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ انتخابی مہم کے دوران شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور 23اپریل کے دن اپنا قیمتی ووٹ الطاف حسین کے نامزد امیدورا کے حق میں استعمال کرکے مخالفین کوعبرتناک شکست سے دوچار کریں ۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 06/04/2015 - 22:19:44

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں