اسمبلیوں میں تحریک انصاف کے اراکین کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں،رہنماء پیپلزپارٹی

پیر 6 اپریل 2015 21:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے اراکین قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی‘فقیر شیر محمد بلالانی اورمیر شبیر علی بجارانی نے قومی اسمبلی وسینیٹ سمیت چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پاکستان تحریک انصاف کے اراکین بشمول چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی واپسی کا خیر مقدم کیا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سے پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ جس دن پاکستان تحریک انصاف نے اسمبلیوں سے استعفے دیئے اسی دن سے پاکستان پیپلز پارٹی نے دیگر جماعتوں کے ساتھ مل کر گرینڈ سیاسی جرگہ تشکیل دیا تاکہ عمران خان سمیت تمام مستعفی اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کو واپسی اسمبلیوں میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر چہ عمران خان کی اسمبلی میں واپسی خوش آئند ہے لیکن افسوس کہ انہوں نے ایک چھوٹی سی بات کو سمجھنے میں آٹھ مہینے ضائع کر دیئے اور بالآخر انہیں واپس آنا ہی پڑا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی واپسی بے نظیر بھٹو شہید اور سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری کی مفاہمتی پالیسی ہی کا نتیجہ ہے جس کے تحت گرینڈ سیاسی جرگہ تشکیل پایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ قومی اسمبلی ہی وہ واحد فورم ہے جہاں قوم و ملک کے معاملات طے کئے جاتے ہیں نہ کہ سڑکوں اور کنٹینروں پر چڑھ کر۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ بہت سے آئینی مسائل بھی جنم لے چکے ہیں اور اسپیکر قومی اسمبلی ہی اس بات کیلئے جوابدہ ہیں کہ آیا عمران خان اور ان کی جماعت کے اراکین اسمبلی کی موجودگی کہاں تک آئین کے مطابق ہے تاہم نتیجہ جو بھی نکلے جیت اسی پارلیمنٹ کی ہوئی ہے جسے عمران خان جعلی قرار دے چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں