عوامی ہمدرد پارٹی نے خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کااعلان کر دیا،”آزاد عوامی ہمدرد گروپ “تشکیل

پختونخواہ کو اچھا اور فلاحی صوبہ بنا دینگے، جمیل اقبال سیّد

پیر 6 اپریل 2015 21:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) ملک بھر کے 70 فیصد انتہائی غریب اور 25 فیصد سے زائد مالی و معاشی پریشان سفید پوش عوام کی مالی ومعاشی حالات میں بہتری کی تبدیلی لانے کیلئے کوشاں” عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان “ کی مرکزی قیادت نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے باقاعدہ انتخابی شیڈول کے اجراء کا زبردست خیر مقدم کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ عوامی ہمدرد پارٹی نئی اور مالی طور پر کمزو ر ہونے کے باوجود جس حد تک ممکن ہوسکے گا صوبہ پختونخواہ کی عوامی و سرکاری حالت کو بہتر بناکر بابائے قوم کے پاکستان کو اچھا اور فلاحی بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز پارٹی کے بانی و مرکزی چیئرمین جمیل اقبال سیّد کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں صوبہ پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے ”آزاد عوامی ہمدرد گروپ ‘ ‘ تشکیل دینے کے بعد صوبہ پختونخواہ کے سینئیر سیاسی و سماجی رہنما سعدالرحمان کو گروپ کا صوبائی چیئرمین اور محمد حامد کو صوبہ پختونخواہ کیلئے پارٹی کا صوبائی آرگنائزر مقرر کر دیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کے مرکزی رہنماؤں کے علاوہ صوبہ پنجاب ، سندھ، بلوچستان ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور قبائلی علاقہ جات کے آرگنائزر اور مختلف ڈویژنل صدور اور سیکریٹرز جنرل نے ذاتی طور پر اور موبائل فون کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ۔ اجلاس میں صوبائی چیئرمین آزاد عوامی ہمدرد گروپ خیبر پختونخواہ سے کہا گیا کہ وہ جس حد تک ممکن ہو سکے صوبے کے زیادہ سے زیادہ بلدیاتی حلقوں میں ایسے آزاد بلدیاتی امیدوار کھڑے کرنے کی کوشش کریں جو اخلاق و کردار ، لین دین ،عوامی ہمدردانہ خدمات اور حب الوطنی کے اعتبار سے عوام میں اچھی اور مثالی شہرت رکھتے ہوں۔

اجلاس میں پارٹی کی جانب سے انہیں بلدیاتی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ کامیاب اور عمدہ نتائج کیلئے حکمت عملی ترتیب دینے کا بھی کہا گیا جس پر انہوں نے پارٹی قیادت سے ہر طرح کے تعاون کا عزم کیا اور اعلان کیا کہ وہ جلد اپنی حکمت عملی تشکیل دے کر اس کا باقاعدہ اعلان میڈیا کے ذریعے کرینگے۔ اجلاس سے اپنے خطاب میں مقررین نے کہا کہ عوام ملک کے سیاسی و جمہوری نظام پر گذشتہ 40 سال کے لگ بھگ عرصے سے قابض کرپٹ، مفادپرست اور دھوکہ باز سیاسی جغادریوں سے تنگ ہیں اور ان سے نجات بھی حاصل کرنا چاہتے ہیں مگر چونکہ انہیں کوئی معقول اورہمدرد قیادت اور رہنما میسر نہیں رہا ہے اس لئے ان میں کسمپرسی اور مایوسی پھیل رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ہمدرد پارٹی اس خلاء کو پر کریگی کیونکہ پارٹی کے قیام کا مقصد ہی ایسے پریشان حال اور مایوس عوام کو انکی مالی و معاشی حالت میں بہتری اور خوشحالی لانے کیلئے امید کی کرن دکھا کر زندگی کی نئی روح پھونکنا اور عوام کی مدد سے منتخب ایوانوں میں آ کر عوامی و ملکی مالی و معاشی حالت میں حقیقی و عملی بہتری و خوشحالی لاکر بابائے قوم کے پاکستان کو اچھا ، فلاحی اور مثالی بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مگر یہ کام عوام کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں اور اس کیلئے عوام کومنتخب قومی ایوانوں کی طرح بلدیاتی ایوانوں کو بھی چور ،لٹیرے، مفادپرست اور دھوکہ باز سیاسی جغادریوں سے پاک کرنا اور انکی جگہ اچھے ، دیانتدار، عوام کے ہمدرد اور پاکستان کے حقیقی معنوں میں خیر خواہ نمائندوں کو ایوانوں میں داخل کرنا ہو گا۔اجلاس میں اس بات کا عندیہ بھی دیا گیا کہ اگر ممکن ہواتو عوامی ہمدرد پارٹی کی قیادت بلدیاتی انتخابات کے دوران صوبہ خیبر پختونخواہ میں جا کر آزاد عوامی ہمدرد گروپ کے امیدواروں کی انتخابی مہم بھی چلائیگی۔

اجلاس میں میڈیا، نشریاتی اداروں، پختونخواہ کے سیاسی، سماجی و دینی اداروں کے عمائدین سے اپیل کی گئی کہ وہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابا ت میں عوام اور وطن عزیز پاکستان کے مخلص اور ہمدرد امیدواروں کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو کامیاب کرانے میں آزاد عوامی ہمدرد گروپ اور عوامی ہمدرد پارٹی پاکستان سے بھرپور تعاون کریں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں