کراچی‘ این اے246پر ایم کیو ایم کی غندہ گردی،سر کشی اور سندھ حکومت کی بے حسی ناقابل برداشت ہے،میاں جمشیدالدین

الیکشن کمیشن حالات کا نوٹس لے کیونکہ یہ سب کچھ الیکشن ملتوی کرنے کے اوچھے ہتھکنڈے ہیں،صوبائی وزیرایکسائز وٹیکسیشن

پیر 6 اپریل 2015 21:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) خیبر پختونخوا کے وزیر ایکسائز وٹیکسیشن اور پی ٹی آئی ضلع نوشہرہ کے صدر میاں جمشید الدین کاکا خیل نے نوشہرہ میں پی ٹی آئی ورکروں کے زیر اہتمام ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی این اے246پر متحدہ کی برملا غندہ گردی اور سندھ حکومت کی بے حسی ناقابل برداشت ہیں۔الیکشن کمیشن فوری طور پر حالات کا نوٹس لے اور صوبائی حکومت ایم کیو ایم کو غیر جمہوری حرکتوں سے روکے۔

انہوں نے کہاکہ ہم پر امن سیاسی اور جمہوری لوگ ہیں اور عوام کے ہر فیصلے پر لبیک کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے الیکشن اور حالات کی بابت تحفظات سے انتظامیہ کو خبر دار کیا ہے لیکن وہاں کا سیٹ اپ جانبداری کامظاہرہ کر رہا ہے جو کہ جمہوری نظام کے لئے خطرے کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نامساعد حالات کے باوجود پی ٹی آئی ورکرز کی مثبت تبدیلی کے لئے سیاسی جذبہ اور کوشش قابل تعریف ہے کیونکہ ہمارا ہر کارکن وقتی فرعون کے سامنے کلمہ حق کہنے کی ہمت رکھتا ہے۔

ہم ڈرنے والے نہیں ہیں اور نہ ہی ان حالات سے بھاگنے والے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ قوم کی دعاؤں اور اہل کراچی کے تعاون سے ضمنی الیکشن این اے246 پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے جیتے گی۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار مرکزی اور صوبائی حکومت کے کردار امن کی بحالی اور غیر جانبدارانہ ضمنی الیکشن میں سوالیہ نشان بن چکے ہیں۔زرداری نے ایم کیو ایم کی غیر ضروری حمایت کر کے قوم کو مایوس اور شہید ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی روحوں کو ٹھیس پہنچائی ہے۔یہ سب عمران خان کی مخلصانہ اور دلیرانہ قیادت کانتیجہ ہے کہ نائن زیرو پر رینجرز کے کامیاب آپریشن نے متحدہ کی آئے دن دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری سے اہل کراچی کو نجات دلا دی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں