این اے 246میں سکیورٹی کی ذمہ داری کرنا پولیس کے بس کی بات نہیں ہے ،عمران اسماعیل

شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ حلقے میں فوج تعینات کی جائے ،رہنما پاکستان تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

پیر 6 اپریل 2015 19:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور حلقہ این اے 246سے امیدوار عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ این اے 246میں سکیورٹی کی ذمہ داری کرنا پولیس کے بس کی بات نہیں ہے ۔شفاف انتخابات کے لیے ضروری ہے کہ حلقے میں فوج تعینات کی جائے ۔کیونکہ موجودہ صورت حال سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حلقے میں سکیورٹی خدشات زیادہ ہیں ۔

فوج اور رینجرز غیر جانبدار ہے اس لیے پی ٹی آئی کا مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات فوج اور رینجرز کی نگرانی میں کرائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو واٹر پمپ پر واقع پی ٹی آئی کے الیکشن آفس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔عمران اسماعیل نے کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی ہماری ریلی پر ایم کیو ایم کی جانب سے پتھراوٴ کیا گیا ،جو غیر جمہوری روایت ہے ۔

ایم کیو ایم کو پتہ ہے کہ وہ این اے 246سے ہار چکی ہے ۔کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایم کیو ایم کو کسی جماعت نے انتخابات کے دوران چیلنج کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود اپنی انتخابی مہم بھرپور انداز میں جاری رکھے گی ۔19اپریل کو مذکورہ حلقے میں تاریخی جلسہ ہوگا جس سے عمران خان خطاب کریں گے ۔عمران اسماعیل نے کہا کہ حلقے میں شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ این اے 246میں فوج تعینات کی جائے اور رینجرز کو پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر تعینات کیا جائے ۔تاکہ پولنگ کا عمل شفاف ہوسکے اور عوام بلاخوف و خطر اور دباوٴ کے اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما اسد عمر نے کہا کہ 2013کے انتخابات میں کراچی میں پی ٹی آئی کو تاریخی ووٹ ملے تھے ۔2013میں بھی دھاندلی سے ہمیں ہرایا گیا ۔

کراچی عمران خان کے چاہنے والوں کا شہر ہے اور این اے 246میں پی ٹی آئی کے امیدوار عمران اسماعیل ہی کامیاب ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ غیر جانبدار رہے اور الیکشن کمیشن کو موجودہ صورت حال کا نوٹس لے کر شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے فوری اقدامات کرنے چاہئیں ۔تحریک انصاف کی جانب سے پیر کو بھی انتخابی مہم کے سلسلے میں عمران اسماعیل نے مختلف برادریوں کے وفود سے ملاقاتیں کیں جبکہ حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں