این اے 246، ضمنی انتخاب کے باعث مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو عارضی روزگار حاصل ہوگیا

ڈیکوریشن ، ایکو ساوٴنڈ ،پینٹرز اورپینا فلیکس کے کام سے وابستہ افراد کی چاندی ہوگئی، دکانداروں نے انتخابی مہم کے باعث بکنگ بند کردی

پیر 6 اپریل 2015 19:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء) این اے 246میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے باعث مختلف پیشوں سے وابستہ افراد کو عارضی روزگار حاصل ہوگیا ہے جبکہ ڈیکوریشن ، ایکو ساوٴنڈ ،پینٹرز اورپینا فلیکس کے کام سے وابستہ افراد کی چاندی ہوگئی ہے ۔علاقے میں بڑی تعداد میں موجود ڈیکوریشن کی دکانوں سے کرسیاں ،ٹیبلیں ،شامیانے ،دریاں اور دیگر سامان کرایے پر حاصل کیاجارہا ہے اور ان دکانداروں نے انتخابی مہم کے باعث بکنگ بند کردی ہے جس کے باعث دوسرے علاقوں سے امیدوار اور جماعتیں ڈیکوریشن کا سامان حاصل کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سے ایکو ساوٴنڈ سسٹم سے وابستہ افراد بھی بڑی تعداد میں کرایے پر کارنر میٹنگز اور دیگر انتخابی سرگرمیوں کے لیے ساوٴنڈ سسٹم مہیا کررہے ہیں ۔حلقے میں بڑی تعداد میں پینٹرز اور پینا فلیکس بنانے والے ایم کیو ایم ،تحریک انصاف اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں اور امیدواروں کی تصاویر ،انتخابی نشان ،نعرے اور منشور کے حوالے سے نکات پر مبنی پینافلیکس ،ہورڈنگز اور بینرز تیار کررہے ہیں ۔جبکہ پرنٹرز کی جانب سے پوسٹرز اور پمفلٹ کی چھپائی کا کام بھی تقریباً مکمل کرلیا گیا ہے جو انتخابی عمل کے دوران تقسیم کیے جائیں گے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں