کراچی، این اے 246 میں الیکشن مہم زور وشور کے ساتھ شروع

جمعہ 3 اپریل 2015 15:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) این اے 246 میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں ایم کیوایم، پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے امیدواروں اور کارکنوں نے الیکشن مہم زور وشور کے ساتھ شروع کردی ہے اور اس حوالے سے پمفلٹ اور بینرز لگنے شروع ہوگئے ہیں۔ عزیزآباد اور اس سے ملحقہ علاقوں میں دفاتر بھی کھولے جارہے ہیں۔ ایم کیوایم کی قیادت این اے 246 کو پہلے الیکشنز میں مضبوط گڑھ سمجھتے ہوئے اتنا سنجیدگی سے نہیں لیتی تھی لیکن اس مرتبہ ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کے تمام مرکزی قائدین بھی اس حلقے میں موجود ہیں اور بہت سنجیدگی سے الیکشن مہم میں مصروف ہیں۔

ایم کیوایم کی خواتین کارکنان بھی گھر گھر جارہی ہیں جبکہ اطلاعات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر مرکزی قائدین بھی حلقہ این اے 246 میں الیکشن مہم میں آتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

2013 کے عام انتخابات میں ایم کیوایم کے امیدوار نبیل گبول نے اس حلقے سے ایک لاکھ 37 ہزار 874 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسرے نمبر پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عامر شرجیل تھے جنہوں نے 31 ہزار 875 ووٹ لئے تھے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار راشد نسیم نے 10 ہزار 321 ووٹ لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی تھی۔ این اے 246 ایک بڑا حلقہ ہے اس میں ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ سے زیادہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں