حکومت نے عوام سے ایک بار پھر اربوں روپے بٹورنے کا ارادہ کرلیا ہے، حلیم عادل شیخ

حکومت خدا کا خوف کرے ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتو ں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے،صدر مسلم لیگ (ق)سندھ

جمعرات 2 اپریل 2015 18:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ءمسلم لیگ سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس لگا کر حکومت نے عوام سے ایک بار پھر اربوں روپے بٹورنے کا ارادہ کرلیا ہے ،عالمی منڈی میں جس تیزی سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی آرہی ہے اس کے برعکس ہمارے ملک میں بسنے والی عوام ان تمامتر سہولیات سے محروم ہے،اس میں حکمرانوں کا کچھ نہیں جاتا ساراکا سارابوجھ عوام پر ڈال دیا جاتا ہے ، حکومت کو جب بھی آئی ایم ایف سے ڈکٹیشن ملتی ہے اسی وقت غریب عوام کو قربانی کا بکرا بنالیاجاتاہے ۔

یہ لوگ اپنے محلوں کے باہر اونچی اونچی دیواریں بناکر اپنی حفاظت تو کرلیتے ہیں مگر اس کے خراجات غریب عوام کے چولہے بجھا کرپورے کیئے جاتے ہیں ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ سندھ کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ بیان میں کیا ۔

(جاری ہے)

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ موجودہ حکمران سیاست کااستعمال منفی انداز میں کررہے ہیں ایک وقت تھا کہ سیاست عوام کی خدمت کا ذریعہ تھی ان لوگوں نے اپنے شاہی اخراجات پورے کرنے کے لیے سیاست کے رنگ ڈھنگ کو بدل کررکھ دیاہے اس وقت مہنگائی کی شدت نے ملک کی عوام کو ڈپریشن اور ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا گیا ہے ، جب حکومت نے جب پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی اس وقت دیگر چیزوں کی قیمتوں میں کمی نہیں کی گئی مگر جب پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کیا جاتا ہے تو ہر ایک چیز کی قیمت آسمان کو چھونے لگتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کا فرض ہے کہ وہ عوام کو اتنا دکھ دیں جتنا وہ خود بھی برداشت کرسکے یہ بات تو طے ہے کہ یہ لوگ دھاندلی اور جعل سازی سے یہاں تک پہنچے ہیں اگر عوام کو موقع دیا جاتا تو یہ وہ لوگ ہیں جنھیں پہلے بھی آزمایا جاچکاہے۔یہی وقت ہے کہ حکمران جس قدر غلطیاں اپنے مختلف ادوار میں کرچکے ہیں ان کو نہ دہرائیں بلکہ ان کا ازالہ کیا جائے تاکہ تاریخ ان کو اچھے لفظوں میں یادرکھ سکے اپوزیشن جماعت ہونے کا مطلب یہ ہرگز نہیں ہے کہ حکومت پر بے جا تنقید کی جائے مگر ہم نے آج تک جتنی بھی خامیوں کی نشاندہی کی ہیں وہ سو فیصد درست رہی ہیں ،مگر ایک بھی دن ایسا نہیں آیا ہے کہ حکومت کی جانب سے کوئی ایک پالیسی ایسی بنائی گئی ہو جس میں عوام کو حقیقی ریلیف ملاہو جسقدر پالیسیاں بنائی گئی سب کی سب کاغذی کارروائی یا میڈیا میں خبروں تک محدود رہی ہیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو عوام کے مسائل کے حل کے لیے غیر ضروری تاخیر سے گریز کرنا چاہیے اور جس قدر ممکن ہوسکے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لینا چاہیے ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں