لیاری میں شہید ہونے والے 2پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹر میں ادا کردی گئی

منگل 31 مارچ 2015 20:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31مارچ۔2015ء) گزشتہ روز لیاری میں شہید ہونے والے 2پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈکوارٹر میں ادا کردی گئی ۔نماز جنازہ میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی ،ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو ،ڈی آئی جی ساوٴتھ ڈاکٹرجمیل احمد ،ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ ،ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عارف حنیف اور دیگر اعلیٰ افسران کے علاوہ شہداء کے اہل خانہ و اہل علاقہ نے شرکت کی ۔

اس موقع پر پولیس کے خصوصی دستے نے شہداء کو سلامی دی ۔آئی جی سندھ نے شہید پولیس اہلکار ادریس شاہ اور ندیم احمد کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا مغفرت کرتے ہوئے لواحقین کو صبر کی تلقین کی ۔اس موقع پر انہوں نے شہداء کے ورثاء کے لیے محکمہ پولیس کی جانب سے مروجہ مراعات،مالی امداد سمیت قانونی ورثاء کے اہلخانہ میں سے دو دو افراد کو پولیس میں بھرتی کرنے کا اعلان کیا ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں تمام ضروری امور جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔انہوں نے ایس پی سٹی کو ہدایت کی کہ کرائم سین سے تمام شہادتوں کا فرانزک ٹیسٹ سمیت عینی شاہدین کے بیانات کی روشنی میں کیس کو جلد سے جلد منطقی انجام تک پہنچاتے ہوئے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتار ی کو یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کاوٴنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ کو ہر ممکن معاونت کی بھی ہدایت دی گئیں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں