ایسٹ زون پولیس نے کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے 4ٹارگٹ کلرز سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا

ملزمان نے دوران تفتیش پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 100سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ،ایس ایس پی ایسٹ

منگل 31 مارچ 2015 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31مارچ۔2015ء) ایسٹ زون پولیس نے کارروائیوں کے دوران سیاسی جماعت کے 4ٹارگٹ کلرز سمیت 6ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے ۔ملزمان نے دوران تفتیش پولیس افسران و اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ سمیت 100سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے ۔ملزمان کے قبضے سے دو کلاشنکوف ،6پستول ،ایم پی فائیو بندوق اور متعدد گولیاں برآمد کی گئی ہیں ۔

یہ بات ایس ایس پی ایسٹ پیر محمد شاہ نے منگل کو اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی ۔ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ شاہراہ فیصل تھانے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے آصف بڈھا گروپ کے ٹارگٹ کلر سید محمد ضرغام عرف شاہ جی ولد سید اعجاز حسین کو گرفتار کرلیا ۔ملزم نے دوران تفتیش 3پولیس اہلکاروں سمیت 31افراد کے قتل اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم کے مطابق اس کا تعلق ایک سیاسی جماعت ہے ۔ملزم بھتہ خوری ،جلاوٴ گھیراوٴ اور دیگر وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔جبکہ شاہراہ فیصل تھانے کی پولیس پارٹی نے ٹارگٹ کلر ندیم خان عرف ہکلا عرف ماموں ولد محمد یاسین کو گرفتار کرلیا ۔ملزم نے مومن آباد تھانے کی حدود میں 2افسران کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنانے سمیت متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے ۔

ملزم ڈکیتیوں کے دوران خواتین کے ساتھ زیادتی بھی کرتا تھا ۔فیروزآباد پولیس پارٹی نے کارروائی کرکے ٹارگٹ کلر محمد عمران عرف نٹو ولد نجم الدین کو گرفتار کرلیا ۔ملزم نے چکرا گوٹھ پر پولیس پارٹی پر حملے سمیت 5افراد کو قتل کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔جبکہ ایس ایس پی ایسٹ کی اسپیشل پولیس پارٹی نے ایسٹ زون کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرکے تین ملزمان محمد دانش عرف گتے کا ڈان ولد محمد اسحاق یوسف زئی ،محمد رمیز ولد محمد خالق اور محمد عمران عرف کامران ولد عبدالسبحان شیخ کو گرفتار کرلیا ۔

محمد دانش عرف گتے کے ڈان نے دوران تفتیش پولیس انسپکٹر سمیت 4افراد کے قتل کا اعتراف کیا ہے ۔جبکہ ملزم اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر شہر کے مختلف علاقوں میں 100سے زائد اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث تھا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں