قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ کے امریکی قید میں 12سال مکمل ہو گئے ،

سول سوسائٹی اور عافیہ موومنٹ کے ورکرز نے کراچی پریس کلب کے باہر چراغ جلا کر اظہار یکجہتی کیا

پیر 30 مارچ 2015 22:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) سول سوسائٹی اور عافیہ موومنٹ کے ورکرز کی جانب سے کراچی پریس کلب پر چراغ جلا کر قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے امریکی قید میں 12سال مکمل ہونے پراظہار یکجہتی کیا گیا۔ اس موقع پرسول سوسائٹی کے سماجی رہنما سلمان نواب نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سیاستدان آپس میں اختلاف کی گندی سیاست میں مصروف رہے اور ڈاکٹر عافیہ کی شرمناک قید کو بارہ سال مکمل ہوگئے ۔

انہوں نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ گزشتہ 12سالوں کے درمیان کسی پاکستانی حکمران نے ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کیلئے امریکہ سے باضابطہ مطالبہ نہیں کیا اور عافیہ کے خاندان اور قوم کو محض جھوٹے وعدے اور تسلیاں دیتے رہے ۔ واضح رہے کہ پاکستانی ماہر تعلیم ڈاکٹر عافیہ کو ان کے تین کمسن بچوں سمیت 30مارچ 2003کو کراچی سے اغواء کرکے ڈالروں کے عوض فروخت کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

عافیہ اور ان کے تین کمسن بچوں نے کئی سال نامعلوم جیلوں میں گزارے۔ کئی سالوں کے بعد برطانوی خاتون صحافی کی تحریروں کے ذریعے پتہ چلا کہ ڈاکٹر عافیہ ایک افغان جیل میں مقید ہے ۔ جب دنیا بھر کی سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے نمائندوں نے اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی تو عافیہ کو غیر قانونی طور پر امریکہ منتقل کردیا گیا جہاں شرمناک عدالتی ٹرائل کے ذریعے انہیں 86سال کی سزاایک ایسے جرم کا الزام لگا کر سنائی گئی جو انہوں نے کیا ہی نہیں تھا۔

ڈاکٹر عافیہ کے بڑے بیٹے کو اپنی نانی کے حوالے کیا گیا اور بیٹی کو نامعلوم اغواء کار گھر کے پاس چھوڑ کر چلے گئے جبکہ چھ ماہ کا سلیمان تاحال لاپتہ ہے جس کاشمار دنیا کے سب سے کم عمر ”مسنگ پرسن“ ہوتا ہے ۔ عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے عافیہ کی بارہ سالہ طویل غیر قانونی قید پر حکمرانوں ، عسکری قیادت اور سیاست دانوں کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں نے غیر ملکی جاسوس ایجنٹ اور پاکستانی شہریوں کے قاتل کو تو ان کے وطن واپس پہنچانے کیلئے محفوظ راہداری فراہم کی لیکن قوم کی بے گناہ بیٹی کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے کچھ نہیں کیا جو کہ سراسر ناانصافی ہے ۔

ڈاکٹر فوزیہ نے قوم سے اپیل کی ہے کہ عافیہ کی وطن واپسی کیلئے حکمرانوں پردباؤجاری رکھا جائے تاکہ ارباب اختیار عافیہ کی واپسی کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں