ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی میں لیاری کے عوام روایتی طور پر بھرپور انداز میں شرکت کریں گے ،نادیہ گبول

پیر 30 مارچ 2015 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) وزیر اعلیٰ سندھ کی کوآرڈینیٹر برائے انسانی حقوق نادیہ گبول نے کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان و بانی و قائد پاکستان پیپلز پارٹی ذوالفقار علی بھٹو شہید کی برسی میں لیاری کے عوام روایتی طور پر بھرپور انداز میں شرکت کریں گے اور اپنے قائد کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کریں گے ‘ لیاری کی غیور عوام ذوالفقار علی بھٹوشہید سے محبت کرتی ہے اور ان کی فلاسفی پر کاربند ہے‘روٹی ‘ کپڑا اور مکان کا نعرہ پاکستان میں غربت کے خاتمے تک لگتا رہے گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری ایک بیان میں کیا ۔ نادیہ گبول نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو وہ سیاسی رہنما اور استاد ہیں جنہوں نے غریب عوام کو حق خود ارادیت کی مشعل دی ‘ بھٹو ازم سے دنیا میں کوئی بھی قوم یا طبقہ اپنے جائز حقوق کے لئے آواز اٹھا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

ذوالفقار علی بھٹو نے نہ صرف اس ملک کے عوام کو جگایا بلکہ مسلم ممالک میں ایٹمی طاقت بننے کی سوچ دے کر عالمی طاقت بھی بنایا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بالخصوص لیاری کے عوام اپنے قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے اور اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لئے 4 اپریل کو لاڑکانہ کے علاقے گڑھی خدا بخش میں پیپلز پارٹی کی جانب سے منعقدہ تقریب میں بھرپور شرکت کریں گے اور دنیا کو بتا دیں گے کہ وہ آج بھی اپنے شہید قائد سے اتنی محبت کرتے ہیں جتنا پہلے کرتے تھے پاکستان میں اب تک کوئی بھٹو جیسا نڈر رہنما نہ آیا ہے اور نہ آئے گا ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں