آئی جی سندھ کی زیر صدارت اجلاس ، پولیس کی ٹارگٹ کلنگ بارے درج مقدمات کی تفتیش کی پیشرفت کا جائزہ

پیر 30 مارچ 2015 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے حوالے سے درج مقدمات کی تفتیش کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور کاوٴنٹرٹیررزم ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ ایسے ملزمان کی گرفتاری کے لیے انویسٹی گیشن سے متعلق تمام ضروری امور میں کراچی پولیس کی معاونت کی جائے ۔منشیات اور جوئے کے اڈوں کے خاتمے کے لیے احکامات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات دن کے اندر جوئے اور منشیات کے اڈوں کا خاتمہ کیا جائے بصورت دیگر متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کو ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا ۔

آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں امن و امان کی صورت حال کاجائزہ لیا گیا ۔اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو ،ایڈیشنل آئی جی کراچی ،ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر سندھ عبدالعلیم جعفری کے علاوہ اسپیشل برانچ ،ٹریفک برانچ ،سی آئی اے ،ایسٹ ،ویسٹ اور ساوٴتھ کے ڈی آئی جیز سمیت اے آئی جی آپریشنز اور ضلعی ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کاوٴنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ اور کرائم برانچ کی تنظیم نو کا جائزہ لیا گیا ۔بالخصوص ایکشن پلان پر پیش رفت اور پولیس افسران کی تربیتی اقدامات کا احاطہ کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اگر کسی بھی علاقے جوئے یا منشیات کے اڈے چلتے پائے یا اس حوالے سے شکایات سامنے آئیں تو متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا ۔

اجلاس کو بتایا کہ منشیات اور جوئے کے اڈوں کے حوالے سے آئندہ ہفتہ اجلاس میں دوبارہ جائزہ لیا جائے گا کہ دیئے گئے احکامات کے سلسلے میں کتنی پیش رفت ہوئی ہے ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ شہر میں منشیات اور جوئے کے 81اڈوں کو ختم کردیا گیا ہے ۔جبکہ اب تک شہر کے مختلف علاقوں میں ایسے اڈوں کی اسپیشل برانچ نے فہرستیں زونل ڈی آئی جیز کو فراہم کردی ہیں ۔

انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی یقینی طور پر روک تھام کے لیے ایک موثر اور مربوط حکمت عملی تیار کی جائے جس میں ایسے واقعات سے متاثرہ تمام علاقوں کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جائے ۔بعد ازاں اس تناظر میں پولیس کے جملہ فرائض میں حفاظت اور خود اختیاری اقدامات کو ہر سطح پر فوقیت دی جائے ۔انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے امن و امان کے قیام اور سکیورٹی کے جملہ اقدامات کی غیر جانبدرانہ طور انجام دہی اور شہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کو کامیاب بناتے ہوئے ملزمان کی سرکوبی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں