لیاری میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا موجودہ حل کرپٹ عملہ کا تبادلہ ہے،آدم شریف کچھی

اتوار 29 مارچ 2015 22:50

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) کچھی رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں آدم شریف کچھی ، محمد قاسم کچھی ، حسن کچھی نے وفد کے ہمراہ لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔ عوام کے بنیادی مسائل میں سرفہرست پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں واٹر بورڈ عملے کی زیادتیوں پر ہر علاقے سے عوام کی شدید شکایات ہیں۔ اس موقع پراپنے جاری بیان میں آدم شریف کچھی نے کہا کہ لیاری میں پینے کا صاف پانی وافر مقدار میں موجود ہے واٹر بورڈ کے افسران اور نااہل عملہ سنجیدہ ہوں توحل نکال سکتے ہیں ․ پانی کے مصنوعی بحران کا خاتمہ کرکے لیاری کے ہر گھر گھر میں پینے کا صاف پانی انکی دہلیز تک وافر مقدار میں پہنچ سکتا ہے۔

لیکن عرصہ دراز سے لیاری میں تعینات واٹر بورڈ کے کرتہ درتاؤں عارف خان ، رشید ہارون اور ناصر شاہ کی اجارہ داری سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں عوام اذیت کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

عرصہ داراز سے لیاری میں تعیناتی سے اب یہ لوگ واٹر مافیہ کی شکل اختیار کرتے جارہے ہیں۔ افسوس کا مقام ہے آج بھی لیاری کی خواتین پینے کے صاف پانی کی متلاشی ہیں․ مرزا آدم خان روڈ سے ماڑی پور روڈ تک واٹر مافیہ کی اجارہ داری قائم ہے جس میں واٹر بورڈ کا عملہ برائے راست ملوث ہے․ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا معاملہ مکمل طور پر حل نہ کرایا گیا تو عوام ان کرپٹ عناصر کے خلاف بھرپور احتجاجی مہم شروع کردینگے۔

اپنے جاری بیان میں آدم شریف کچھی نے واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائیریکٹر ، سیکریٹری بلدیات، کمشنر کراچی سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں تعینات واٹر بورڈ کے عارف خان ، رشید ہارون، ناصر شاہ کی مکمل چھان بین کرکے محکمہ جاتی انکوئیری عمل میں لائی جائے اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں حائل مصنوعی رکاوٹوں کا خاتمہ کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں