جماعة الدعوة کا سندھ میں سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے بھرپورانداز میں تحریک چلانے کا اعلان

اتوار 29 مارچ 2015 19:25

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) جماعة الدعوة نے ملک بھر کی طرح صوبہ سندھ میں بھی سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے بھرپورانداز میں تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔31مارچ کو حسن اسکوائر پر سعودی عرب کے خلاف سازشوں کے توڑ کیلئے ایک بڑا پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس میں سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماء شرکت و خطاب کریں گے۔

اس بات کا فیصلہ امیر جماعة الدعوة کراچی ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے مرکزتقویٰ گلشن اقبال میں منعقد اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر شہر کے تمام ذمہ داران اجلاس میں شریک تھے ۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا کہ عالمی استعماری قوتیں مسلم ممالک بالخصوص عالم اسلام کے مرکز سعودی عرب کو کمزور کرنے کے لیے سازشیں کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

جماعة الدعوة مشکل کی اس گھڑی میں تحفظ حرمین الشریفین اور سعودی حکومت کے ساتھ ہے اور ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے اور مسلمانوں کو متحد کرنے کے لیے جلسوں، ریلیوں اور کانفرنسوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس میں 31مارچ کو سعودی عرب کی حمایت اور سرزمین حرمین الشریفین کے تحفظ کیلئے کراچی میں ایک بڑے پروگرام کے انعقاد کا بھی اعلان کیا گیا جس میں دیگر مذہبی وسیاسی جماعتیں بھر شرکت کریں گی۔ جبکہ اس پروگرام کے بعد سعودی عرب سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی جائے گی۔ ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے خلاف جاری سازشوں کے متعلق جماعة الدعوة کی شروع کی گئی تحریک رائے عامہ کو ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ہماری جدوجہد کا مقصدمسلمانوں کی شیرازہ بندی کر کے انہیں متحد کرنا ہے تاکہ مسلم دشمن قوتوں کے جارحانہ عزائم کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بھرپور تحریک چلاکرعالم اسلام کے مرکزسعودی عرب کے خلاف ناپاک عزائم عوامی سطح پر بے نقاب کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں