موجودہ حکومت بھی عوام کو بجلی بحران سے نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،

حکومتی دعووں کے برعکس بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا

اتوار 29 مارچ 2015 18:43

کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار29مارچ ۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ حکومتی دعووں کے برعکس بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کو دہرے عذاب میں مبتلا کردیا ۔سابقہ حکومت کی طرح مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت بھی عوام کو بجلی بحران سے نجات دلانے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ موسم گرما آتے ہی کراچی سمیت پورے صوبے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزیداضافہ کرکے مہنگائی ،کرپشن،بے روزگاری اور بدامنی سے پریشان عوام کو ذہنی اذیت مبتلا کردیا گیا ہے۔

لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کاروبار ومعیشت سمیت زندگی کا معمول شدید متاثر ہورہاہے۔ستم بالا یہ کہ طویل لوڈشیڈنگ کے باوجود بجلی کے بلوں میں کوئی فرق نہیں پڑتا ،بجلی چوری کو روکنے اور لائن لاسز کے خاتمے کی بجائے اس کابوجھ بھی بجلی کا بل ادا کرنے والے صارفین پر ہی ڈالا جاتا ہے جو کہ سراسر ظلم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے اپنی انتخابی مہم کے دوران مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند اور بجلی بحران کے خاتمے سمیت عوام کو سبز باغ دکھائے تھے ،عوام نے اعتماد کرکے بھاری اکثریت سے کامیاب کیا مگر دوسال گذرجانے کے باوجودمہنگائی اوربجلی بحران کے خاتمے کا قوم سے کیا گیا وعدہ تاحال پورا نہیں کیا گیا ہے۔

حکومت میں آنے والی جماعتیں اگر انتخابی مہم کے دوران جاری اپنے منشور پر بھی عمل کریں تو قوم کے کافی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ عوام کو بجلی بحران سے نجات دلانے کیلئے بجلی چوری ،کرپشن کاسدباب،لائن لاسزکو روکنے اوربند بجلی گھروں کو چالوکرکے حکومت عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کرے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں