مفاد پرستانہ سیاست کی وجہ سے حکمرانوں نے ہمیشہ سندھ کو تجربہ گاہ بنایا،ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی

بدھ 25 مارچ 2015 17:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ مفاد پرستانہ سیاست کی وجہ سے حکمرانوں نے ہمیشہ سندھ کو تجربہ گاہ بنایا یہی وجہ ہے کہ قدرتی وسائل سے مالا مال سندھ کے عوام بدحالی کی زندگی اور روشنیوں کا شہر کراچی آج اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ دیانتدار اور مخلص قیادت ہی سندھ کے عوام کو اپنے حقوق، خوشحالی اور صوبائی دارلحکومت کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر اور امن کا گھوارہ بناسکتی ہے۔

جماعت اسلامی نے بابائے کراچی نعمت اللہ خان اور عبدالستار افغانی کی قیادت میں شہر کراچی کے عوام کی مثالی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی موقع ملا تو بھرپور کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی کی سیاسی صورتحال، ضمنی انتخاب، بلدیاتی انتخابات اوررابطہ عوام مہم سمیت دیگر امورپر غور کیا گیا۔

اس موقع پر صوبائی نائب امراء محمد حسین محنتی، عبدالغفار عمر، نظام الدین میمن، قیم ممتاز حسین سہتو ودیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جو ادارے کراچی میں قیام امن کیلئے اپنا کردار ادا کررہے ہیں ہم انہیں قدر کی نگاہ اور ان کی تحسین کرتے ہیں۔مافیاؤں کے ذریعے سیاست کا باب بند اور سیاسی عمل کو جرائم سے پاک ہونا چاہئے۔سیاست خدمت، عبادت اور امانت ودیانت کا نام ہے،نبی مہربان کی سیرت ہمارے لئے ایک مثالی نمونہ ہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں