مسلم لیگ(ن) نے مختصر مدت میں معاشی اعشاریوں کی سمت درست کردی، آج کا پاکستان مئی 2013ء کے پاکستان سے بہت بہتر ہے، اگلے تین سالوں میں ملک مزید بہتر ہوگا،ٹھوس اقدامات کی بدولت مختصر وقت میں اہم اہداف حاصل کر رہے ہیں

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کاکراچی اسٹاک ایکسچینج میں نمایاں کمپنیوں کو ایوارڈدینے کی تقریب سے خطاب

بدھ 25 مارچ 2015 15:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے واضح منشور پر الیکشن لڑا،مختصر مدت میں معاشی اعشاریوں کی سمت درست کردی، آج کا پاکستان مئی 2013ء کے پاکستان سے بہت بہتر ہے، اگلے تین سالوں میں ملک مزید بہتر ہوگا،ٹھوس اقدامات کی بدولت مختصر وقت میں اہم اہداف حاصل کر رہے ہیں۔ وہ بدھ کو کراچی اسٹاک ایکسچینج کی نمایاں کمپنیوں کو ایوارڈدینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے واضح منشور پر الیکشن لڑا،چار نکاتی منشور دہشت گردی، توانائی بحران کے خاتمے، ملکی معیشت کا استحکام اور سماجی شعبے کی ترقی پر مشتمل ہے، حکومت سنبھالتے ہی اپنے منشور پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے، مختصر مدت میں معاشی اعشاریوں کی سمت درست کر دی، وزیر اعظم کے عزم کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہ تھا، آج کا پاکستان مئی 2013ء کے پاکستان سے کہیں بہتر ہے، اگلے تین سالوں کے دوران پاکستان مزید بہتر ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بجلی بحران ختم کرنے کیلئے ضرورت کے مطابق دستیابی یقینی بنا دیں گے، کراچی میں آپریشن کسی جماعت نہیں بلکہ صرف جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے جو کہ تمام جماعتوں کو اعتماد میں لے کر شروع کیا گیا ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، امن کیلئے مذاکرات کا راستہ اپنایاتھا، ناکامی پر آپریشن شروع کیا، ملکی معاشی ترقی کیلئے حکومت سہولت کار کا کر دار ادا کر رہی ہے، ٹھوس اقدامات کی بدولت مختصر وقت میں اہم اہداف حاصل کر رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تھری جی اور فور جی لائسنس کی نیلامی جیسے معاملات پر پیش رفت کی، تھری جی اور فور جی سے 9لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، یورو بانڈز کیلئے توقع سے بڑھ کر پیشکشیں موصول ہو رہی ہیں، 9سال بعد سکوک بانڈز کااجراء بڑی کامیابی ہے، اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 11.2ارب ہیں جبکہ زر مبادلہ کے مجوعی ذخائر 16ارب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں