کراچی، ہیلتھ الاؤنس سمری مسترد ہونے پرجناح اسپتال میں (آج) ملازمین کا ہنگامی اجلاس طلب،

سیکرٹری فنانس کی جانب سے ملازمین کو گمراہ کرنے کیلئے سمری منظور ہونے کی باتیں پھیلانا دھوکا دینے کے مترادف ہے

منگل 24 مارچ 2015 23:21

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ ملازمین پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سیکریٹری فنانس نے ملازمین کے ہیلتھ الاؤنس سمری کو مسترد کر دیا ہے جس پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے آج بدھ کو جناح اسپتال میں ملازمین کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل طے کیا جائیگا اور احتجاج کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع کر نے کا فیصلہ بھی کیا جائیگا۔

جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ کے ملازمین پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے ترجمان نے کہا کہ ہمارے بھرپور احتجاج کے بعد صوبائی وزیر صحت کی مداخلت پر ہیلتھ الاؤنس کے اجراء سے متعلق سمری سیکریٹری صحت کے ذریعے سیکریٹری فنانس کو ارسال کی گئی تھی لیکن اسے منظور کرنے کے بجائے مسترد کر دیا گیا ہے تاہم ملازمین کو گمراہ کرنے کے لئے بازگشت پھیلائی گئی ہے کہ مذکورہ سمری کو منظور کرلیا گیا ہے یہ اقدام ملازمین کو دھوکا دینے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اپناجائر حق لئے بغیر ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں پہلے بھی پر امن احتجاج کیا تھا آئندہ بھی کریں گے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ اس صورتحال کے تناظر میں جناح اسپتال اور این آئی سی ایچ ملازمین پر مشتمل جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے لائحہ طے کرنے کے لئے آج بدھ کے روز ملازمین کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں جناح اسپتال اور بچہ وارڈ میں کام چھوڑ ہڑتال سمیت ،وزیر اعلی ہاؤس،بلاول ہاؤس ،گورنر ہاؤس سمیت دیگر اہم مقامات پر مطالبات کی منظوری تک دھرنا و احتجاج کا فیصلہ کیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں