جامعہ کراچی ، پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات میں چینی زبان کا فروغ دونوں ممالک کے لئے سود مند ثابت ہوگا،ڈاکٹر محمد قیصر

منگل 24 مارچ 2015 18:39

کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار. 24 مارچ 2015ء) ”پاکستان اور چین کے مابین دوطرفہ تعلقات میں چینی زبان کا فروغ دونوں ممالک کے لئے بلاشبہ سود مند ثابت ہوگا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کی جامعات کے مابین مختلف شعبہ جات کے حوالے سے ریسرچرز اور تحقیق کا تبادلہ کیا جائے۔جامعہ کراچی میں قائم ہونے والے چینی زبان کے ادارے کنفیوشس انسٹیٹوٹ برائے چینی زبان سے خطے میں مسابقت اور جدت فکر کی نئی راہیں کھل جائینگی جس پر عمل سے معاشی،سماجی اور سائنسی ترقی ممکن ہوگی“ ۔

ان خیالات کا اظہار شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے منگل کے روز سچوان نارمل یونیورسٹی کے صدر پروفیسرڈاکٹر زوجیمنگ (Prof. Dr. Zhou Jieming )کی صدارت میں سچوان نارمل یونیورسٹی سے آئے ہوئے سات رکنی وفد سے وا ئس چانسلر سیکریٹریٹ میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ مستقبل قریب میں طلبہ وطالبات اور اساتذہ کے مطالعاتی دورے کا دوطرفہ اہتمام کیا جائیگا،مختلف شعبہ جات بالخصوص وژول اسٹڈیز،انوائرمینٹل اسٹڈیز،جیولوجی،جغرافیہ ،میڈیسن ،زولوجی،ایجوکیشن،بائیوٹیکنالوجی اور کلچر کے شعبوں پر فوکس ہوگا ۔

طلبہ کے دورے سے معاشرے اور معاشرتی روایت کو سمجھنے کا موقع ملے گا،باہمی روابط ،تہذیبی ،ثقافتی ،لسانی اور روزمرہ کی نشست وبرخاست سے معاشرتی محاسن کی تفہیم اور شعوربیدارہوگا۔اس کے علاوہ چینی زبان کی تدریس کا پروگرام بتدریج جاری رہے گا جس سے چینی کلچر اور بودوباش کو سمجھنے میں گرانقدر پیش رفت ہوسکے گی۔اس موقع پر رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر معظم علی خان،رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر غزالہ حفیظ رضوانی،رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شگفتہ شہزادی،رئیس کلیہ معارف اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری،رئیس کلیہ علوم پروفیسر ڈاکٹر مجید اللہ قادری ،رئیس کلیہ نظمیات وانصرام پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی ،ڈائریکٹر اے کیوخان انسٹیٹوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ (KIBGE )پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر ،چیئرمین شعبہ ویژول اسٹڈیز ڈاکٹر دریہ قاضی ،صدر انجمن اساتذہ پروفیسر ڈاکٹر جمیل کاظمی اور پروفیسر ڈاکٹر مطاہر احمد بھی موجود تھے۔

اجلاس میں شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد قیصر نے وفد کو جامعہ کراچی سے متعلق بریفینگ دیتے ہوئے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں جامعات مستقبل میں باہمی تعاون کو فروغ دینگی اور مشترکہ منصوبوں کی شروعات کرینگی۔ وفد کے شرکاء نے فارمیسی ،جیولوجی ،ویژول اسٹڈیز،ماحولیات ،ایجوکیشن،جغرافیہ اور بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کے شعبوں میں مشترکہ تعاون کی ضرورت پر اتفاق کرتے ہوئے مشترکہ تحقیقی منصوبوں کے آغاز پر بھی ابتدائی بات چیت کی ۔

اس موقع پر شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے امید ظاہر کی کہ دونوں جامعات کے درمیان مشترکہ تعاون میں اضافے سے دونوں ممالک کے عوام ،اساتذہ اور طلبہ کو ایک دوسرے کے قریب آنے کاموقع ملے گا ۔دونوں ممالک کے اسکالرز ،ریسرچرز ،ماہرین اور سائنسدان مشترکہ منصوبوں کا آغاز کرکے قومی ترقی کو فروغ دینگے۔اس کے علاوہ دونوں جامعات کے اساتذہ اور طلبہ کے باہمی ایکسچینج پروگرام کی ضرورت پر زوردیا گیا۔آخر میں شیخ الجامعہ نے کنفیوشس انسٹیٹوٹ برائے چینی زبان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام چائینز لینگویج اور کلچر کو بھر پورانداز میں پاکستان میں متعارف کرانے کا سبب بن رہاہے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں