الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے انتخابات آگے بڑھانے سے انکار کردیا

منگل 24 مارچ 2015 17:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے انتخابات آگے بڑھانے سے انکار کردیا ہے، الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ میٹرک بورڈ تاریخ آگے بڑھائے یا پھرامتحانی مراکز تبدیل کرے۔الیکشن کمیشن نے سکینڈری ایجوکیشن بورڈ کراچی کو خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ امتحانات کی تاریخ آگے بڑھائی جائے یا پھرامتحانی مراکز تبدیل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

اس سے قبل میٹرک بورڈ نے ہفتے کوالیکشن کمیشن کو خط تحریر کیا تھا جس میں انتخابات کی تاریخ کو آگے بڑھانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ خط میں کہاگیا تھا کہ 22اور23اپریل کو ہونے والے 9ویں اوردسویں جماعت کے امتحانات کے لئے دو درجن سے زائد امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں جبکہ23 اپریل کو ہی ضمنی انتخابات کی تاریخ بھی ہے،دونوں ادارے اپنے موقف پرقائم ہیں دیکھنا یہ ہے کہ امتحانات ہوتے ہیں یا پھر انتخابات۔واضح رہے کہ انتخابات کے لئے بنائے گئے 246 پولنگ اسٹیشنز میں سے 150سرکاری اسکولوں پر مشتمل ہیں جہاں جاری امتحانا ت پولنگ کے عمل پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں