مہاجروں کو دھوکے اور فریب کی سیاست سے نکلنا ہوگا ‘ڈاکٹر سلیم حیدر

پیر 23 مارچ 2015 16:27

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2015ء )مہاجر اتحا دتحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ مہاجر دھوکے اور فریب کی سیاست سے نکل کر شعور اور عقلمندی کی سیاست میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ آج پوری قوم جس اصطراب اور اذیت سے دوچار ہے اس کی بنیادی وجہ مہاجر قیادت کی غلط پالیسیوں اور مہاجروں کو بند گلی میں لے جانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم آئی برسوں سے دہشتگردی اور بدامنی کیخلاف احتجاج کرتی رہی ہے جس کی پاداش میں خود ہمیں دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا ، دہشت گردی ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری نے کراچی کو اُجڑ کر رکھ دیا ہے ، کراچی کے تاجر اور مہاجر دونوں ہی اذیت سے دوچار ہیں۔

ہر ایک کی جان و مال ، عزت وآبرو غیر محفوظ بنادی گئی ، اس صورت میں فورسز کی جانب سے کئے جانے والے آپریشن کی سندھ کے مہاجروں نے نہ صرف مکمل حمایت کی بلکہ وہ اس آپریشن کو ہی کراچی کے تاجروں اور مہاجروں کے مشکل اور مصائب کا حل سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

ضرورت اس بات کی ہے کہ اس آپریشن کو نیک نیتی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔ بلاتفریق اور بلاامتیاز دہشت گردوں ، بھتہ خوروں ، ٹارگٹ کلرز اور جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائی کرکے ان کے ماسٹر مائنڈ کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں عدالت کے کٹہرے میں لایا جائے۔کیونکہ اگر اس مرتبہ پھر مصلحت اور منافقت اختیار کی گئی تو پھر کراچی میں ہونے والی بدامنی کو دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں