کے الیکٹرک کی جانب سے بغیر اطلاع بجلی کی فراہمی معطل کئے جانے سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی دوسری موٹر بھی جل گئی،واٹربورڈ کا اعلامیہ

ہفتہ 21 مارچ 2015 23:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21مارچ۔2015ء) کے الیکٹرک کی جانب سے بار بار بغیر اطلاع بجلی کی فراہمی معطل کئے جانے سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی دوسری قیمتی موٹر بھی جل گئی ،کراچی کو پانی کی فراہمی متاثر ،21ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا ،کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کو بار ہا خطوط کے ذریعہ کہا گیا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بغیر اطلاع معطل نہیں کی جائے ،اس سے واٹربورڈ کی اہم اور ہیوی تنصیبات کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے تاہم کے الیکٹرک نے ان درخواستوں پر کوئی دھیان نہیں دیا اور ایشیا کے سب سے بڑے اورواٹربورڈ کے اہم ترین دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی معطل کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ،جمعہ کو بھی مختلف اوقات میں 4 بار بجلی کی فراہمی اچانک بند کردی گئی جس سے K-3 اور 4thفیز سے کراچی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ اس دوران 4thفیز کی 11KAVکی قیمتی اور اہم ترین موٹر جل گئی ،سیمینز کمپنی کی اس موٹر کی وائنڈنگ پاکستان میں ممکن نہیں ہے اس کی وائنڈنگ اب جرمنی سے ہوگی واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس ہی استعداد کی ایک اور موٹر جل چکی ہے جس سے کراچی کو پانی کی فراہمی پہلے ہی متاثر ہے ،ترجمان کے مطابق شہریوں کو پانی کی مسلسل فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ،تاہم کے الیکٹرک بجلی کی فراہمی معطل کئے جانے کا سلسلہ ختم کرے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں