این اے 246میں ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ، 25امیدواروں ..
تازہ ترین : 1

این اے 246میں ضمنی انتخاب کیلئے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ، 25امیدواروں کے کاغذات منظور،دو کے مسترد

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246میں ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوا 25امیدواروں کے کاغذات منظور اور دو امیدواروں کے مسترد ہوئے ۔ریٹرننگ افسر ندیم حیدر کے مطابق کاغذات منظور ہونے والے امیدواروں میں متحدہ قومی موومنٹ کے کنور نوید جمیل ،عبدالستار انصاری ،اسلم شاہ ،سیما زریں ،جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان،راشد نسیم ،منعم ظفر ،پاسبان کے عثمان معظم ،شکیل احمد شیخ ،تحریک انصاف کے عمران اسماعیل ،آصف میمن ،نازیہ خورشید ،فردوس شمیم نقوی ،راجہ اظہرخان ،سید احمدسہیل ،سید عثمان علی کوہستانی ،اظہار الحسن قادری ، مسلم لیگ (ن)کے محمد ایوب خان ،پیپلزپارٹی کے ظفر احمد ،حسن پرویز ،شاہینہ شمیم ،شہزادمجید، آزاد امیدوار محفوظ یار خان ،پرویز علی اورمحمدعتیق قریشی شامل ہیں،جبکہ مسلم لیگ (ن)کے محمد ریحان ریٹرننگ کے سامنے پیش نہیں ہوئے اور آزاد امیدوار اشرف علی قریشی کا تجویز کنندہ کا مذکورہ حلقے سے نہ ہونے کی وجہ سے کاغذات مسترد ہوئے ۔

انتخابی شیڈول کے مطابق این اے 246میں 24مارچ کو مسترد اور منظور ہونے والے کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں جمع ہونگی ،30مارچ اپیلوں پر فیصلے ہونگے ،31مارچ تک امیدواردستبردار ہوسکیں گے اور 2اپریل کو حتمی فہرست جاری ہوگی ،جبکہ 23اپریل کو پولنگ ہوگی۔یہ نشست متحدہ قومی موومنٹ کے سردار نبیل احمد گبول کے استعفے سے خالی ہوئی تھی ۔اس نشست کے علاقے میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو بھی آتا ہے ۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پراسسٹنٹ ریٹرننگ افسران حسین اورٹاؤن افیسر تعلیم ضلع وسطی طارق علی بھی موجود تھے ۔

وقت اشاعت : 20/03/2015 - 22:09:47

اپنی رائے کا اظہار کریں